سینیٹر بہرہ مند تنگی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پابندی عائد کرنے کی قرارداد سینیٹ میں جمع کرا دی۔4 مارچ کو ہونے والے سینیٹ کے اجلاس کے لیے جمع کرائی گئی قرارداد کو ایجنڈے میں شامل کر لیا گیا۔سینیٹ میں جمع کرائی گئی قرارداد میں فیس بک، ٹک ٹاک، انسٹا گرام، یوٹیوب اور ایکس پر پابندی کی درخواست کی گئی ہے۔بہرہ مند خان تنگی نے قرراداد میں موقف اپنایا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ملک کی نوجوان نسل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ہمارے مذہب، ثقافت کے خلاف اصولوں کو فروغ دینے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز عوام میں مذہب اور زبان کی بنیاد پر نفرت پیدا کرنے کے لیے استعمال ہو رہے ہیں اور مفاد پرست عناصر یہ پلیٹ فارمز مختلف معاملات پر جھوٹی خبریں پھیلانے کے لیے استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے پاک فوج کے خلاف منفی اور بدینتی پر مبنی پروپیگینڈا کے ذریعے ملکی مفادات کے خلاف استعمال ہونے پر تشویش ہے اور یہ پلیٹ فارمز جعلی قیادت کو فروغ دے کر نوجوان نسل کو دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔بہرہ مند تنگی نے کہا کہ سینیٹ حکومت پاکستان کو تجویز کرتا ہے کہ فیس بک، ٹک ٹاک ، انسٹا گرام ، ایکس اور یوٹیوب پر پابندی لگائے اور نوجوان نسل کو ان کے منفی اور تباہ کن اثرات سے بچایا جائے۔