قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور حکومت میں شمولیت کی دعوت دی۔قائد مسلم لیگ ن میاں نواز شریف کے ساتھ احسن اقبال، رانا ثناءاللہ، خواجہ سعد رفیق بھی موجود تھے، نوازشریف کی آمد پر فضل الرحمان، گورنر خیبر پختونخوا غلام علی اور رہنما قومی اسمبلی عبدالغفورحیدری ، نور عالم خان نے بھی نواز شریف کا استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات میں ملک میں موجودہ سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان کو حکومت میں شمولیت پر آمادہ کرنے کے ساتھ سربراہ جے یو آئی سے ن لیگ کے نامزد وزیراعظم اور صدر مملکت کا ووٹ بھی مانگا۔
میاں نواز شریف اور مولانا فضل کے مابین ملاقات ختم ہوتے ہی قائد مسلم لیگ ن، مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ سے روانہ ہوگئے۔رہنما مسلم لیگ ن خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ نواز شریف اور مولانا فضل الرحمان کی ون ٹو ون ملاقات ہوئی ہے، اللہ پاک بہتری کرے گا، انشااللہ سب ٹھیک ہوگا۔