بلوچستان کی 12 اسمبلی کا اجلاس آج ہوگا، انتظامات مکمل
بلوچستان کی بارہویں اسمبلی کا پہلا اجلاس آج ہوگا، صوبائی اسمبلی کے اجلاس کیلئے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
کوئٹہ کے زرغون روڈ پر قائم بلوچستان اسمبلی کی عمارت میں رونقیں بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں، سہ پہر 3 بجے بلوچستان کی بارہویں اسمبلی کا پہلا اجلاس منعقد ہوگا جس میں صوبے کے 65 میں سے 62 کامیاب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے۔
تین اراکین اسمبلی نوٹیفکیشن کا اجرا نہ ہونے کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق اسپیکر جان محمد جمالی علالت کے باعث اجلاس میں شرکت نہیں کر سکیں گے، اس لیے گورنر بلوچستان کی جانب سے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی زمرک خان اچکزئی کو پر یزائڈنگ نامزد کیا گیا ہے، وہ اراکین سے ان کے عہدے کا حلف بھی لیں گے۔
بلوچستان اسمبلی کے اجلاس سے قبل وہاں تزئین و آرائش کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ اسمبلی اجلاس کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے بھی خاطر خواہ انتظامات کیے گئے ہیں۔
سکیورٹی پلان کے تحت کسی بھی رکن اسمبلی کے نجی گارڈز کو احاطہ اسمبلی میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ میڈیا کیلئے خصوصی پاسز کا اجرا کیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران سکیورٹی وجوہات کی بنا پرکسی بھی مہمان کو پاسز جاری نہیں کیے گئے ہیں۔