ملکی معیشت کو پہلے سے بہتر حالت میں چھوڑ کر جا رہے ہیں ، نگران وزیراعظم
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ خوش قسمت ہوں ملک کی خدمت کا موقع ملا، ملکی معیشت کو پہلے سے بہتر حالت میں چھوڑ کر جا رہے ہیں۔اجلاس میں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے تمام ساتھیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ میرے لیے پاکستان ہی سب کچھ ہے، پاکستان کے عوام میں بے پناہ صلاحیت ہے، ہمیں اپنے ملک کو خوشحال اور مستحکم بنانا ہے۔
وزیراعظم نے نگران دور کیلئے اپنی کابینہ اور سول سرونٹس کو بہترین کاوشوں پر خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ منتخب حکومت کیلئے ایسا لائحہ عمل دے کر جا رہے ہیں جو عوام اور قومی مفاد کیلئے مفید ثابت ہوگا۔انوار الحق کاکڑ نے وفاقی کابینہ کا مختلف اداروں کی تنظیم نو، بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات پر اظہار اطمینان کیا، کابینہ سیکرٹری نے وفاقی بیوروکریسی کی جانب سے وزیراعظم کی مدبرانہ قیادت کو سراہا۔
اجلاس میں لبنیٰ فاروق ملک کی بطور ڈائریکٹر جنرل ایف ایم یو مدت میں 9 جون 2023 سے 8 جون 2024 تک توسیع کی منظوری دی گئی، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو ٹرکش آرمڈ فورسز لیجئن آف میرٹ ایوارڈ وصول کرنے کی اجازت کی منظوری دی گئی۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزارت فوڈ سکیورٹی اور خلیفہ انٹرنیشنل ایوارڈ فار ڈیٹ پام کے مابین ایم او یو پر دستخط کی بھی منظوری دی گئی۔کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی ادارہ جات کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔