لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم دوبارہ بند، مسافر پھنس گئے
اپر کوہستان کے علاقے میں بھاشا کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں شاہراہِ قراقرم دوبارہ بند ہوگئی جس کے بعد گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں اور بڑی تعداد میں مسافر پھنس گئے۔
اس سے قبل شدید بارش اور برفباری کے باعث قراقرم ہائی وے کے 9 مقامات پر سڑک بلاک ہوگئی تھی، اس کے نتیجے میں 1055 مسافروں کو لے کر آنے والی تقریباً 95 گاڑیاں ہائی وے پر پھنس گئی تھیں۔
شدید بارش اور برف باری کے بعد قراقرم ہائی وے پر ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے پاک فوج کے جوانوں نے پھنسی ہوئی تمام گاڑیوں اور مسافروں کو بحفاظت ریسکیو کرلیا تھا۔
پاک فوج نے ریسکیو آپریشن کے دوران ڈیم سائٹ ایریا اور بشیداس کیمپ کے قریب 80 سے زائد پھنسے ہوئے مسافروں کو کھانا بھی فراہم کیا، جس کے بعد تمام گاڑیوں اور مسافروں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیا تھا۔
پاک فوج متاثرہ علاقوں میں 300 ڈرونز کے ذریعے فضائی نگرانی کر رہی ہے۔