الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کے دھاندلی سے متعلق الزامات کی چھان بین کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کرلیا۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق کمشنر راولپنڈی کی جانب سے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات پر الیکشن کمیشن کا ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں کمیشن کے اراکین شریک ہوئے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا اور ممبر الیکشن کمیشن پنجاب بابر حسن بھروانہ نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔
اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر غور و غوض کیا گیا اور ان الزامات کی چھان بین کے لیے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا جس کی صدارت سینئر ممبر الیکشن کمیشن کریں گے، جبکہ کمیٹی میں سیکریٹری، اسپیشل سیکریٹری اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قانون شامل ہوں گے۔یہ کمیٹی راولپنڈی کے ڈی آر اوز اور متعلقہ آر اوز کے اس سلسلے میں بیانات قلمبند کرے گی اور تین دن میں اپنی رپورٹ الیکشن کمیشن کو پیش کرے گی۔کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد کمشنر راولپنڈی کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور دیگر قانونی کارروائی کے بارے میں بھی فیصلہ کیا جائے گا۔