صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان ازبکستان کے ساتھ روابط، تجارت اور عوامی سطح پر تعاون کو فروغ دے کر دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے پُرعزم ہے۔
صدرِ مملکت نے ان خیالات کا اظہار آج جمعہ کے روز اسلام آباد میں ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف سے ملاقات کے دوران کیا۔ آصف علی زرداری نے ازبک صدر کے دورۂ پاکستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے لیے نتیجہ خیز اور توقعات سے بھرپور ثابت ہوگا۔
صدرِ مملکت نے تجارت، رابطہ کاری، دفاع، سلامتی، ثقافت اور مشترکہ ورثے کے شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے ازبکستان کے ساتھ قریبی اشتراک کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست فضائی روابط نے عوامی سطح پر تعلقات کو فروغ دیا ہے، جبکہ ازبکستان، افغانستان، پاکستان ریلوے منصوبے سمیت علاقائی رابطوں کے دیگر اقدامات خطے کی ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف نے کہا کہ ازبکستان پاکستان کے ساتھ دیرینہ دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے تجارت کے فروغ، معیشت کے ترجیحی شعبوں میں تعاون کے منصوبوں پر عملدرآمد اور مختلف سطحوں پر دوطرفہ روابط میں مسلسل اضافے پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ازبک صدر نے سیاسی مشاورت، مضبوط تجارتی، اقتصادی اور سرمایہ کاری تعلقات کے فروغ اور کاروباری وفود کے باقاعدہ تبادلوں کے ذریعے عملی تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
