وزیر داخلہ کا اسلام آباد میں خود کش دھماکے کی جگہ کا دورہ ، مغرب اور عشاء کی نماز ادا کی، جاںؒ بحق افراد کیلئے دعا

وزیر داخلہ محسن نقوی نے آج جمعہ کی شام اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں حالیہ بم دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا۔ وزیر مملکت طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی ان کے ہمراہ تھے۔

وزیر داخلہ نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی کے لیے مغرب اور عشاء کی نمازیں دھماکے کی جگہ پر ادا کیں اور دعا کی۔ انہوں نے دھماکے کے مقام کا تفصیلی معائنہ بھی کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

محسن نقوی نے انتظامیہ سے ملاقات میں چیئرمین سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ دھماکے سے تباہ ہونے والی جگہ کو جلد از جلد مکمل طور پر بحال کیا جائے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے عناصر بیرونی پشت پناہی سے سرگرم ہیں اور وہ ملک کے امن، اتحاد اور ترقی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گرد عناصر کے خلاف متحد ہے اور واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو واقعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت بھی کی۔

وزیر داخلہ نے زخمیوں کے لیے بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

Exit mobile version