پریذیڈنٹ ٹرافی فائنل : ایس این جی پی ایل نے واپڈا کو 519 رنز سے ہرادیا
پریذیڈنٹ ٹرافی کے فائنل میں ایس این جی پی ایل نے واپڈا کو 519 رنز سے شکست دیدی۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پانچ روزہ فائنل تیسرے دن ہی ختم ہوگیا، جس میں ایس این جی پی ایل نے واپڈا کو آؤٹ کلاس کردیا۔
آج پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ایس این جی پی ایل نے دوسری اننگز 121 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی اور 346 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کردی۔ بلاول بھٹی نے چودہ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 101 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی ۔ یہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی تیسری سنچری ہے۔
مبصرخان صرف 9 رنز کی کمی سے چوتھی فرسٹ کلاس سنچری مکمل نہ کرسکے۔ ان کی 91 رنز کی اننگز میں چودہ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔واپڈا کی طرف سے آصف آفریدی نے 149 رنز دے کر5 وکٹیں حاصل کیں۔واپڈا کو جیتنے کے لیے 686 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن پوری ٹیم صرف166 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔
ایاز تصور نے 51 رنز اسکور کیے۔ عمر عابد کیانی نے 40 رنز بنائے۔میرحمزہ نے50 رنز دے کر3 وکٹیں حاصل کیں۔پہلی اننگز میں سات وکٹیں حاصل کرنے والے شاہنواز دھانی نے دو وکٹیں حاصل کیں اس طرح انہوں نے میچ میں نو کھلاڑی آؤٹ کیے۔بلاول بھٹی نے بھی دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔وکٹ کیپر حسیب اللہ نے پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز میں بھی چار کیچز کیے۔