بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

سکیورٹی فورسزکا آپریشن، داعش کا انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کر کے داعش کے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 9 فروری کو سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں ایک انتہائی مطلوب دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔بیان کے مطابق آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں داعش کا دہشت گرد عبدالشکور مارا گیا۔

ہلاک ہونے والا دہشت گرد 7 فروری کو قلعہ سیف اللہ اور پشین میں ہونے والے حالیہ بم دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔ہلاک دہشت گرد نے بلوچستان میں ہائی پروفائل خودکش بم حملے کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی تاہم سیکیورٹی فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں نے بروقت اور فوری کارروائی کر کے اس کو ناکام بنا دیا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔واضح رہے کہ 7 فروری کو بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علمائے اسلام-فضل الرحمٰن (جے یو آئی-ف) کے انتخابی دفترکے باہر دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہو گئے تھے۔اسی دن بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں آزاد امیدوار کے انتخابی دفتر پر دھماکے کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق اور 23 دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

اشتہار
Back to top button