مسائل حل کرنا ہیں تو ایک پارٹی کو اکثریت ملنا ضروری ہے۔ نواز شریف

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہےکہ خدا کے واسطے مخلوط حکومت کا نام نہ لیں، اگر اس ملک کے مسائل حل کرنا ہیں تو ایک پارٹی کو اکثریت ملنا ضروری ہے۔لاہور میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ’عوام گھروں سے نکلیں اور ووٹ کاسٹ کریں، انشاءاللہ مہنگائی کا خاتمہ ہوگا اور لوگ خوشحال زندگی بسر کرسکیں گے، یہی لوگوں کی تمنا ہے اور اس خواب کو پورا ہونا چاہیے، اُن  لوگوں نے آکر اس خواب کو خراب کیا، جس سے ہمارے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوا، اس سے قبل ٹھیک چل رہا تھا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ہمارے منشور میں سب چیزیں تفصیل سے لکھی ہیں کہ حقوق عوام کے دروازے تک پہنچنے چاہئیں اور ہم پہنچائیں گے‘۔ایک سوال کے جواب میں نواز شریف نے کہا کہ ’خدا کے واسطے مخلوط حکومت کا نام نہ لو، اگر ملک کے مسائل حل کرنا ہیں تو ایک پارٹی کو اکثریت ملنا بہت ضروری ہے، ایک پارٹی کو پورا مینڈیٹ ملنا چاہیے اس کا دارومدار دوسروں پر نہ ہو‘۔

مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب بنائے جانے کے سوال پر لیگی قائد نے کہا کہ ’مریم کا رزلٹ کے بعد فیصلہ ہوگا اور یہ پارٹی فیصلہ کرے گی، بلاشبہ مریم کی جدوجہد ہے،  بہت برے وقت میں پارٹی کے لیے بہت کام کیا ہے اور  شہباز شریف کی بھی بہت خدمات ہیں، اور بھی بہت ساتھیوں کی بہت خدمات ہیں، جیلیں کاٹی ہیں، حمزہ جیسے بچے نے جیلیں کاٹی ہیں، بڑوں نے تو کاٹی ہیں ہم قربانیاں دے کر یہ دن دیکھ رہے ہیں‘۔

Exit mobile version