ایران جنگ نہیں چاہتا، مگر جارحیت کا پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا، ایرانی سفیر

پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے کہا ہے کہ ان کا ملک جنگ نہیں چاہتا تاہم اگر اس پر جنگ مسلط کی گئی تو وہ کسی بھی طرح کی جارحیت کا پوری طاقت سے مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔

وہ اپنے ملک اور خطے کی حالیہ صورتحال کے بارے میں اسلام آباد میں ایرانی سفارتخانے میں صحافیوں کو بریفنگ دے رہے تھے۔

ایران کے سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ ایرانی حکومت اور رہبراعلیٰ آیت اللہ علی خامنہ ای مسائل کے حل کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری پر یقین رکھتے ہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ایران کوہر قسم کی بیرونی جارحیت، سازشوں اور دشمن کے مذموم عزائم کے خلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

رضا امیری مقدم نے امریکہ ایران کشیدگی کے حل کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی کسی بھی کوشش کی کامیابی کا انحصار متحارب فریق کے رویے پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران موجودہ مشکل حالات میں اس کی مکمل حمایت پر پاکستان کی حکومت، عوام اور میڈیا کا شکر گزار ہے۔

Exit mobile version