بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عام انتخابات میں ضابطہ اخلاق پر پابندی سے متعلق چیئرمین پیمرا کو مراسلہ جاری

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات میں ضابطہ اخلاق پر پابندی سے متعلق چیئرمین پیمرا کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹے بعد غیر حتمی غیر سرکاری نتائج نشر کیے جائیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری اعلامیے کے مطابق چیئرمین پیمرا کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ پیمرا پولنگ کے دوران یقینی بنائے کہ میڈیا انتخابی عمل میں کوئی رکاوٹ نہ ڈالے اور میڈیا پر کسی قسم کی فیک نیوز نشر نہ ہو۔

چیئرمین پیمرا کو جاری مراسلے میں کہا گیا کہ میڈیا کو آگاہ کیا جائے کہ عدلیہ کی آزادی اور قومی اداروں کے خلاف مواد کے ساتھ ساتھ نظریہ پاکستان، خودمختاری اور سلامتی کے خلاف کوئی مواد نشر نہ کرے۔خط میں کہا گیا کہ چیئرمین پیمرا الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور کوئی ایسا مواد نشر نہ کیا جائے جس سے پولنگ کے دوران یا بعد میں امن و امان کی صورتحال خراب ہو۔

اس حوالے سے مزید ہدایت کی گئی کہ پیمرا الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنائے اور میڈیا کو آگاہ کرے کہ قومی یکجہتی کے خلاف کوئی الزام یا بیان الیکٹرانک، سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا پر نشر نہ کیا جائے۔پیمرا چیئرمین کو ہدایت کی گئی کہ الیکشن کے دن پرنٹ، الیکٹرانک یا ڈیجیٹل میڈیا پر انتخابات سے متعلق پولنگ اسٹیشنز پر کسی قسم کا سروے نہ کیا جائے اور پولنگ کے اختتام کے ایک گھنٹے بعد غیر حتمی غیر سرکاری نتائج نشر کیے جاسکتے ہیں۔

مزید پڑھیے  شہباز گِل کی اخراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی
Back to top button