بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

عوام تیر پر مہر لگا کر نفرت کی سیاست کرنے والوں کو جواب دیں، بلاول بھٹو

 پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ عوام ہمیں موقع دیں ہم کراچی کا نقشہ بدل دیں گے۔کراچی کے علاقے شیریں جناح کالونی میں ریلی سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کراچی میرا اپنا شہر ہے اور میں کراچی کی خدمت کرنا چاہتا ہوں، بلدیاتی الیکشن میں کراچی کے عوام نے اعتماد کا اظہارکیا۔چیئرمین پی پی نے کہا کہ نہ صرف بلدیاتی بلکہ صوبائی اور وفاقی حکومت بھی ہمارے ہاتھ میں ہوگی، عوام نے موقع دیا تو 5 سال میں کراچی کا نقشہ بدل دیں گے، کراچی کی 20 سیٹیں دلوا دیں تو 5 سال میں کراچی کا نقشہ بدل دیں گے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دیگر سیاسی جماعتیں اپنے مقصد کیلئے الیکشن لڑرہی ہیں، ہماری وفاقی حکومت ہوگی تو کراچی کے تمام مسئلے بھی حل ہوں گے، دیگر تمام سیاسی جماعتیں نفرت کی سیاست کرتی ہیں، عوام تیر پر مہر لگا کر نفرت کی سیاست کرنے والوں کو جواب دیں، خواتین ووٹ ڈالنے کے لیے ضرور گھروں سے نکلیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں مقابلہ دو جماعتوں کے درمیان میں ہے، عوام کو سمجھانا ہے کہ کسی آزاد امیدوار پر ووٹ ضائع نہ کریں، آزاد امیدوار سودا کرکے حکومت میں شامل ہوجاتے ہیں، عوام اس بار مجھے موقع دیں، عوام کو مایوس نہیں کروں گا، میرے امیدوار منتخب ہوں گے تو حلقے کے عوام کے مسائل مجھ تک پہنچائیں گے، مسائل کا حل نکالنا ہے کہ تو ایک بار پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں، کسی اور کو آپ ووٹ دیں گےتو وہ علاقے کے لیے ٹکے کا کام نہیں کریگا، میرے منتخب امیدوار کو اپنا نہیں عوام کا کام کرنا پڑے گا۔ریلی کے دوران بلاول بھٹو نے امیدواروں سے حلف لیا اور کہا کہ کچا وعدہ نہیں کرنا بی بی والا وعدہ کرنا۔

اشتہار
Back to top button