بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مسلح افواج اور عسکری قیادت کا کشمیری عوام کو بھرپور خراج تحسین

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مسلح افواج اور عسکری قیادت نے کشمیری عوام کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان کی جانب سے مشترکہ خصوصی پیغام میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کی کامیابی ہی ان کا مقدر ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری خصوصی پیغام میں کہا گیا ہے کہ کشمیروں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے مظلوم کشمیریوں کے عزم اور جدوجہد پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہان کا کہنا ہے کہ کشمیری مسلسل بھارتی قابض افواج کی انسانی حقوق خلاف ورزیوں اور ان کے غیرانسانی لاک ڈاؤن کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ کشمیر 1948 سے یو این ایجنڈے پر طویل عرصے سے زیر التوا حل طلب مسئلہ ہے، کشمیری عوام کو ان کی امنگوں اور یو این قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی افواج کے مظالم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے میں ناکام رہے ہیں، ظلم وبربریت کی تاریک رات آزادی کا سورج طلوع ہونے سے نہیں روک سکتی، آزادی کے لیے دلیرانہ جدوجہد کی کامیابی ہی ان کا مقدر ہے، ان شا اللہ۔

مزید پڑھیے  آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی امریکی تھنک ٹینک کے نمائندوں سے ملاقات
Back to top button