پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا
مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف پاکستان سمیت دنیا کے مختلف حصوں میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے۔’ یہ دن منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ساتھ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ان کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی حمایت کا اظہار کرنا ہے۔
پاکستان میں یوم یکجہتی کشمیر پر آج عام تعطیل ہے، ملک بھر میں خصوصی سیمینارز، کانفرنسز اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا جس میں تمام مکاتب فکر کی شخصیات بڑ ی تعداد میں شرکت کریں گی۔مقبوضہ کشمیر میں آج بھارتی ظلم کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا جہاں مختلف علاقوں میں ریلیاں نکالی جائیں گی۔
واضح رہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو اپنے آئین کے آرٹیکل 370 کا خاتمہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کو اس کی خصوصی حیثیت سے محروم کردیا تھا جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کو تقسیم کرتے ہوئے اسے 2 وفاقی اکائیوں میں تبدیل کردیا تھا جس کا اطلاق 31 اکتوبر 2020 سے ہوگیا تھا۔
یوم یکجہتی کشمیر سے متعلق اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ہماری خارجہ پالیسی کا کلیدی ستون رہے گا۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق یوم ِیکجہتی کشمیر کے موقع پراپنے پیغام میں صدرمملکت نے کہا کہ حق خود ارادیت بین الاقوامی قانون کا بنیادی اصول ہے، غیر ملکی قبضے کے تحت لوگوں کے حق خود ارادیت کے حصول کی واضح حمایت کے اظہار کے لیے اقوام ِمتحدہ کی جنرل اسمبلی ہر سال ایک قرارداد منظور کرتی ہے، یہ ایک افسوسناک امر ہے کہ کشمیری عوام اس ناقابل تنسیخ حق سے ابھی تک محروم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرنا ہوں گی اور 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو واپس لینا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو ظالمانہ قوانین کو منسوخ کرنا ہوگا، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے واقعات میں اقوام ِمتحدہ کی جانب سے منظور شدہ تحقیقات کی اجازت دینا ہوگی اور جموں و کشمیر پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کرانا ہوگا۔
صدر مملکت نے کہا کہ میں اس امر کا اعادہ کرنا چاہتا ہوں کہ تنازعہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ہماری خارجہ پالیسی کا کلیدی ستون رہے گا، پاکستان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔
یوم یکجہتیِ کشمیر کے موقع پر نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہر سال کی طرح آج بھی کشمیری بہن بھائیوں کی حقِ خود ارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت کے اظہار کے لیے یومِ یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے، آج کے دن ہم گزشتہ 76 برسوں میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی لازوال قربانیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا واحد اور حتمی حل صرف اور صرف کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق جمہوری طریقے سے اقوام متحدہ کے تحت منعقدہ غیر جانبدار اور آزادانہ استصواب رائے سے کیا جائے گا، تاہم گزشتہ 76 برسوں سے بھارت نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کے لوگوں کو ڈرانے اور انہیں دبانے کی مذموم مہم چلائی ہوئی ہے۔
نگران وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کا ہمیشہ سے یہی مؤقف ہے کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہی ممکن ہے، پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی مکمل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔