میٹرو بس ایکسپریس سروس ختم، ہر سٹیشن پر رش، مسافر بھیڑ بکریوں کی طرح سفر کرنے پر مجبور
راولپنڈی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے عوام کی سہولت کے لئے چلائی جانے والی میٹرو بس ایکسپریس سروس نامعلوم وجوہات کی بنا پر بند کر دی جس سے بسوں میں مسافروں کا رش بے پناہ بڑھ گیا۔ لوگ بسوں میں بھیڑ بکریوں کی طرح سفر کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں، ہر سٹیشن پر لوگوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں۔
کچھ عرصہ قبل مسافروں کی سہولت اور رش کم کرنے کیلئے صدر سے سیکریٹریٹ تک میٹرو بس ایکسپریس سروس شروع کی گئی تھی جس سے نہ صرف اپنے کام پر جلدی جانے والے افراد کو بہت بڑی سہولت میسر آئی تھی بلکہ ہر سٹاپ پر مسافروں کی لمبی لائنوں کا لگا رش بھی ختم ہو گیا تھا۔ اس سروس کو عوام میں پزیرائی ملی تھی تاہم اب آرڈی اے نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر یہ سروس بند کردی ہے جس سے ہر سٹیشن پر مسافروں کی پھر لمبی لائنیں لگ گئی ہیں، لوگوں کو اب بسوں میں بھیڑ بکریوں کی طرح سفر کرنا پڑ رہا ہے۔
عوام نے مطالبہ کیا ہےکہ آرڈی اے عوام کو فراہم کی گئی یہ تیز رفتار ایکسپریس سروس بحال کرے تاکہ وقت کی بچت ہو سکے اور لوگ پر سکون سفر کر سکیں۔۔۔