بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

9 مئی میں ملوث افراد کو نئی حکومت آنے کے بعد سزائیں ہوتی نظر آئیں گی- نگران وزیر اعظم

نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی زیادہ توجہ اپنی شہرت پر تھی نہ کہ گورننس پر، عمران خان کی گورننس کے معاملات میں دلچسپی نظر نہیں آرہی تھی۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ ’الیکشن صاف و شفاف ہوں گے، ماضی میں بھی شفافیت پر سوالات اٹھتے رہے ہیں لیکن کروڑوں ووٹرز کو مینیج نہیں کیا جا سکتا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’تمام سیاسی جماعتوں کے پاس لیول پلیئنگ فیلڈ موجود ہے جبکہ انٹراپارٹی انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کا فیصلہ خوش آئند ہے‘۔ان کا کہنا تھا کہ ’9 مئی کے واقعات کی کافی حد تک تحقیقات ہو چکی ہیں، 9 مئی میں ملوث کچھ لوگوں کا کیس ملٹری کورٹس، کچھ مقدمات سول کورٹس میں چلیں گے اور نئی حکومت آنے کے بعد سزائیں ہوتی نظر آئیں گی‘۔

ایک سوال پر نگران وزیر اعظم نے کہا کہ ’آئین میں پانچ سال کا وجود حکومت کا نہیں پارلیمان کا ہے، تحریک انصاف کے دور میں معاشی و خارجی مسائل بہت زیادہ تھے، ارکان پارلیمنٹ اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد لائے‘۔انہوں نے کہا کہ ’عمران خان کی زیادہ توجہ اپنی شہرت پر تھی نہ کہ گورننس پر، عمران خان کی گورننس کے معاملات میں دلچسپی نظر نہیں آرہی تھی‘۔

اشتہار
Back to top button