آصفہ بھٹو زرداری نے بھائی چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کیلئے لاہور کا محاذ سنبھالتے ہوئے بھرپور انتخابی مہم شروع کر دی ہے۔آصفہ بھٹو نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 127 میں بلاول بھٹو زرداری کے مرکزی انتخابی دفتر کا افتتاح کیا۔آصفہ بھٹو نے پہلے پی پی 160 لاہور میں ورکرز کنونشن سے اور پھر بہار کالونی میں پارٹی ورکرز سے بھی خطاب کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ غریبوں کی ضرورتوں کا احساس صرف پیپلز پارٹی کو ہے، بلاول کو اقتدار ملا تو سب کو چھت ملے گی۔آصفہ نے کہا آج پورے ملک سے لوگ علاج کروانے سندھ کا رخ کرتے ہیں، جہاں دل کے علاج کیلئے این آئی سی وی ڈی اور گردوں کے علاج کیلئے ایس آئی یو ٹی بنایا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت بنا کر پنجاب میں بھی صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات کریں گے۔