بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کے زیر اہتمام پہلی فنانشل مارکیٹ انویسٹ ایکسپو کا انعقاد

پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کے زیر اہتمام مالیاتی مارکیٹ کے حوالے سے 2دسمبر کو پہلی بار اسلام آباد میں انویسٹ ایکسپو منعقد کی گئی۔ نمائش میں مالیاتی شعبے کے معروف اداروں بشمول اسٹاک بروکرز، کموڈٹیز بروکرز، میوچل فنڈز، انشورنس اور مائیکرو فنانس کمپنیز نے عوام کو فنانشل مارکیٹ میں سرمایہ کاری بارے آگہی فراہم کرنے کے لئے اسٹال لگائے گے۔

اسلام آباد میں پہلی بار ہونے والی اس ایکسپو کا مقصد سرمایہ کاری کے محفوظ مواقعوں کی حوصلہ افزائی اور مالیاتی معلومات فراہم کرنا ہے۔

سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین عاکف سعید نے انوسٹ ایکسپو کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عاکف نے سرمایہ کاروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایس ای سی پی سرمایہ کاروں کو ایک مستحکم اور شفاف مارکیٹ فراہم کرنے اور سرمایہ کاروں میں اعتماد پیدا کرنے کے لیے تسلسل کے ساتھ ریگولیٹری اصلاحات کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام میں مالیاتی فیصلہ سازی بارے شعور پیدا کرنے کے لئے ایس ای سی پی نے جمع پونجی کے نام سے وسیع آگہی پروگرام شروع کر رکھا ہے جس کا مقصد افراد کو باخبر مالی فیصلے کرنے کے لیے ضروری معلومات فراہم کرنا اور ان کی مالی خواندگی کو بہتر بنانا ہے۔ یہ ایکسپو بھی پاکستان میں مالی خواندگی کو فروغ دینے اور عوام کو سرمایہ کاری کے دستیاب متنوع مواقعوں بارے آگاہی فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

اس سے پہلے پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کے چیئرمین عبدلقادر میمن نے شرکاء کو خوش آمدید کہا۔ ایکسپو کے ساتھ ساتھ محفوظ سرمایہ کاری کے موضوع پر سیمینار بھی منعقد ہوا جس میں شرکاء نے فنانشل مارکیٹ کے حوالے سے مکالمے اور خیالات کا تبادلہ کیا۔ اس دوران مارکیٹ کے ماہرین اسٹاک، کموڈٹیز اور میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری کے طریق کار ، فوائد اور دستیاب مواقعوں پر روشنی ڈالی ۔ مقررین نے انشورنس، تکافل اور مائیکرو فنانس کی پیچیدگیوں پر بھی بات چیت کی ۔

ایکسپو میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج، سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی، نیشنل کلیئرنگ کمپنی، پاکستان اسٹاک بروکرز ایسوسی ایشن، میوچل فنڈز ایسوسی ایشن آف پاکستان، انشورنس ایسوسی ایشن آف پاکستان، پاکستان مائیکرو فنانس نیٹ ورک، اور انسٹی ٹیوٹ آف فنانشل مارکیٹس آف پاکستان نے شرکت کی۔

اشتہار
Back to top button