بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

تھائی لینڈ کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ احسن بختاوری

پاکستان میں تعینات تھائی لینڈ کے سفیر چاکریڈ کراچائیونگ نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ آزاد تجارت کے معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے تیار ہے کیونکہ اس پر مذاکرات آخری مرحلے میں پہنچ چکے ہیں اور اب یہ پاکستان پر منحصر ہے کہ وہ اسے تیزی سے آگے بڑھائے۔ انہوں نے کہا کہ تھائی ایئر کراچی، لاہور اور اسلام آباد سے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کر رہی ہے جس سے تجارت بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے پاکستانی سیاحت کیلئے تھائی لینڈ کا دورہ کرتے ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت بڑھانے کے لیے بھی کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ اور پاکستان فائدہ مند نتائج کے حصول کے لیے دو طرفہ سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاجر برادری آئندہ سال جنوری میں ہونے والے تھائی لینڈ انڈسٹریل نمائش میں اپنی مصنوعات کی نمائش کرے جس سے انہیں اپنے کاروبار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ تھائی لینڈ کے بہت سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ نہیں جانتے کہ کہاں اور کن شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک سمندری خوراک، چاول، پھل، حلال فوڈ اور حلال کاسمیٹکس سمیت دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کو فروغ دے سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تھائی لینڈ کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن اور اکنامک کونسلر محترمہ کامولوان سری پوسل اور تھائی کونسلر کھیماتھ آرچاواتھامرونگ بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئی سی سی آئی آزاد تجارتی معاہدے کا معاملہ متعلقہ پاکستانی حکام کے ساتھ اٹھائے گا تاکہ اس پر تیزی سے پیش رفت ہو جس سے پاکستان اور تھائی لینڈ کے درمیان دو طرفہ تجارت کافی بہتر ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ 2022 میں تھائی لینڈ کی سالانہ برآمدات 285 ارب ڈالر سے زائد تھیں اور درآمدات تقریباً 300 ارب ڈالر تھیں تاہم پاکستان کے ساتھ تھائی لینڈ کی دو طرفہ تجارت 1ارب ڈالر سے بھی کم تھی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک محدود اشیاء میں تجارت کر رہے ہیں اور اس بات پر زور دیا کہ باہمی تجارت میں اضافہ کرنے کیلئے دونوں ممالک مزید اشیاء میں ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کرنے پر توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تھائی لینڈ کو ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل، چمڑے کی مصنوعات، کھیلوں کا سامان ء، فارماسوٹیکلز، آلات جراحی اور کھانے کی چیزوں سمیت متعدد مصنوعات برآمد کرسکتا ہے اور اسی طرح پاکستان تھائی لینڈ سے مزید مصنوعات درآمد کر سکتا ہے۔

احسن بختاوری نے کہا کہ حکومت نے دفاع، زراعت، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کام، توانائی اور دیگر شعبوں میں نئی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اسپیشل انوسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل قائم کی ہے اور اس بات پر زور دیا کہ تھائی لینڈ کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ چیمبر ان کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے شعبوں سے آگاہ کرنے میں تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت کا شعبہ بھی دونوں ممالک کو باہمی تعاون کے بہتر مواقع فراہم کرتا ہے کیونکہ پاکستان کا بھرپور ثقافتی ورثہ اور خوبصورت مناظر تھائی لینڈ کے سیاحوں کے لیے پرکشش مقامات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت کے شعبے میں تھائی لینڈ کے تجربے سے فائدہ اٹھا کر اپنی سیاحت کی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کر سکتا ہے۔

فیصل حسن، عامر حسین، مقصود تابش، چوہدری محمد علی، ملک نجیب، خالد چوہدری، فیضان شہزاد، کاشف چوہدری، محترمہ پروین خان اور چوہدری طاہر سمیت دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اشتہار
Back to top button