پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ لندن میں نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں تمام قانونی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کے بعد اس حوالے سے فیصلے کیے گئے۔لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ وہ نواز شریف کی ہدایت پر اجلاس میں شرکت کے لیے لاہور سے فوری طور پر واپس آیا ہوں اور یہاں پارٹی کا اجلاس ہوئے اور فیصلے کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری عروج پر تھی لیکن 2018 کے بعد جو کچھ کیا گیا وہ پوری قوم نے دیکھا اور قوم کے ساتھ سنگین مذاق کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم ترقی کے راستے پر تیزی سے رواں دواں تھی لیکن اس سفر کو یکدم ختم کردیا گیا، جھرلو انتخابات ہوگئے اور نواز شریف کا مینڈیٹ چھین لیا گیا، پاکستان کے کروڑوں عوام کو ترقی اور خوشحالی کے سفر سے محروم کیا گیا۔شہباز شریف نے کہا کہ خوش حالی اور ترقی کے سفر کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے نواز شریف پاکستان تشریف لا رہے ہیں، زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لیے نواز شریف معمار بن کر واپس آئیں گے اور سفر کو وہیں سے شروع کریں گے۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پارٹی کے قائد نواز شریف کی ہدایت پر اس دورے پر آیا ہوں اور آج رہنماؤں کا ہمارا اجلاس تھا، جس کے لیے یہاں آنا پڑا اور ملاقات ختم ہوگئی اور ہم نے اس حوالے سے تمام فیصلے کرلیے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا دور تاریخ میں سب سے اچھا دور تھا، مہنگائی 3.5 فیصد تھی مگر تباہ کیا گیا لیکن یکدم بحالی نہیں ہوسکتی ہے اور ہم نے غلط وعدے نہیں کیے۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 2013 میں کہا تھا کہ قوم نے موقع دیا تو 2013 سے 2018 تک بجلی کے اندھیرے ختم کرنے کی کوشش کروں گا، نواز شریف نے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کیا اور بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم ہوئی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کی مخالفت میں قوم کو تقسیم در تقسیم کیا گیا، قوم میں زہر گھولا گیا، عمران نیازی نے قوم کو گالی گلوچ کے علاوہ کچھ نہیں سکھایا، بڑوں، اساتذہ کی بے عزتی کی طرف راغب کیا، جس کا سوچا بھی نہیں جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف اس زہر کو ختم کرنے کے لیے آرہا ہے، نوجوانوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے، نوجوانوں کو آئی ٹی اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں روزگار دلائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری لائیں گے، نوجوان نسل کی تعلیم، علاج اور روزگار کے لیے دن رات کام کریں گے۔صحافیوں کے سوال پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو واپس جا رہے ہیں۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم شہباز شریف جمعرات کو اس وقت لندن روانہ ہوگئے تھے جب انہیں وطن واپس لوٹے ہوئے 48 گھنٹے ہوئے تھے اور اس پر مختلف چہ مگوئیاں ہو رہی تھیں۔