بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی سعودی ہم منصب سے ملاقات، دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے سعودی عرب ہم منصب جنرل فیاض بن حمید الرویلی نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل فیاض بن حمید الرویلی اور ان کے اعلیٰ سطح کے فوجی وفد نے جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی۔ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ملاقات کے دوران فریقین نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں، دفاع اور سلامتی کے معاملات سمیت دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ اس سے قبل وفد نے آج جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے بھی ملاقات کی۔

خیال رہے کہ سعودی وفد کا دورہ پاکستان ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب کہ رواں ماہ کے شروع میں آرمی چیف نے کاروباری برادری کو شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے تحت پاکستان میں 25 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی تھی جس کا مقصد زمین کی فراہمی اور برآمدات کو یقینی بنا کر زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔

رواں سال کے شروع میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی عرب کا دورہ کیا تھا جہاں انہوں نے سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان سے مدینہ منورہ میں ملاقات کی تھی جس کے دوران دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

دورے کے موقع پر شہزادہ محمد بن سلمان نے مدینہ منورہ کے علاقے ال اولا میں لگائے گئے موسم سرما کے کیمپ میں آرمی چیف کا استقبال کیا تھا جہاں ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات اور اسے بہتر بنانے کے طریقوں سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

اس موقع پر سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز اور مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر مسعد بن محمد الایبن کے ساتھ ساتھ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر امیر خرم اور دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے۔

اشتہار
Back to top button