ایشیا کپ، بنگلہ دیش نے افغانستان کو 89 رنز سے شکست دیدی
بنگلہ دیش نے نجم الحسن شانتو اور مہدی حسن میراز کی سنچریوں کی بدولت افغانستان کو ایشیا کپ کے میچ میں 89 رنز سے شکست دے دی۔لاہور میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔اوپنرز مہدی حسن میراز اور محمد نعیم نے اپنی ٹیم کو 60 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن اسی موقع پر مجیب الرحمٰن نے 28 رنز بنانے والے نعیم کی وکٹیں بکھیر دیں۔
ابھی بنگلہ دیشی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ گلبدین نائب نے توحید ہری دوئے کو کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین رخصت کردیا۔63 رنز پر دو وکٹیں گرنے کے بعد مہدی حسن میراز کا ساتھ دینے نجم الحسن آئے اور دونوں نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے افغان باؤلرز بالخصوص اسپنرز کے ہر حربے کو ناکام بنا دیا۔
اس دوران مہدی حسن میراز نے اپنی سنچری مکمل کی جبکہ نجم الحسن نے بھی نصف سنچری اسکور کی۔دونوں کھلاڑیوں نے تیسری وکٹ کے لیے 194 رنز کی شراکت قائم کی لیکن 112 کے افرادی اسکور پر مہدی حسن ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے جس کے ساتھ ہی شراکت بھی اختتام کو پہنچی۔دوسرے اینڈ سے نجم الحسن نے بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور ون ڈے کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری اسکور کی، وہ 104 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔
اختتامی اوورز میں کپتان شکیب الحسن اور مشفیق الرحیم نے بہترین جارحانہ کھیل پیش کیا جس کی بدولت بنگلہ دیش کی ٹیم مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 334 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔مشفیق نے 25 اور شکیب نے ناقابل شکست 32 رنز کی اننگز کھیلی۔افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمٰن اور گلبدین نائب نے ایک، ایک وکٹ لی۔
ہدف کے تعاقب میں افغانستان کو ابتدا میں ہی نقصان اٹھانا پڑا اور رحمٰن اللہ گرباز صرف ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے تھے۔اس مرحلے پر ابراہیم زدران اور رحمت شاہ نے 78 رنز کی شراکت قائم کی لیکن رحمت 33 رنز بنانے کے بعد تسکین احمد کی وکٹ بن گئے۔دوسرے اینڈ سے ابراہیم نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور حشمت اللہ شاہدی کے ساتھ مل کر اسکور کو 131 تک پہنچایا لیکن ابراہیم بھی 75 رنز بنانے کے بعد چلتے بنے۔
کپتان حشمت اللہ نے 51 رنز کی باری کھیلی لیکن ان کی یہ مزاحمت بھی جلد دم توڑ گئی۔اس کے بعد مزید کوئی اور کھلاڑی بنگلہ دیشی باؤلرز کے سامنے مزاحمت نہ کر سکا اور پوری ٹیم 245 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔اس میچ میں 89 رنز سے کامیابی کی بدولت بنگلہ دیش نے ایونت کے اگلے مرحلے تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھیں۔تاہم بنگلہ دیش کی اگلے راؤنڈ تک رسائی کا انحصار سری لنکا اور افغانستان کے درمیان میچ کے نتیجے پر ہو گا۔