خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ اور خیبر میں پاک فوج کی الگ الگ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں میجر سمیت پاک فوج کے 3 اہلکار شہید ہوگئے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی۔
بیان میں کہا گیا کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی موجودگی کی نشان دہی ہوئی اور کارروائی کی قیادت کرنے والے میجر عامر نے ان کا پیچھا کیا اور اس دوران ایک دہشت گرد کو جہنم واصل اور دوسرے کو زخمی کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائی کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور پاک فوج کے ضلع سرگودھا سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ میجر عامر عزیز اور ضلع ساہیوال سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ سپاہی محمد عارف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
بیان کے مطابق فوج کے جوانوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر مؤثر کارروائی کی اور اس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا۔
واقعے کے حوالے سے بتایا گیا کہ ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی سرگرمیوں اور معصوم شہریوں کے قتل کی متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ حوالدار منتظر شاہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
بیان میں کہا گیا کہ علاقے میں واقعے کے بعد کارروائی کی جارہی ہے تاکہ کسی دہشت گرد کی موجودگی کی صورت میں اس کا صفایا کیا جائے۔