بسم اللہ الرحمن الرحیم

کھیل

انگلش فاسٹ بولر اسٹیون فن نے کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

انگلش کرکٹ ٹیم کے سینیئر فاسٹ بولر اسٹیون فن نے کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا۔انگلینڈ کی جانب سے 100 سے زائد انٹرنیشنل میچز کھیلنے والے 34 سالہ اسٹیون فن نے تمام طرز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

رپورٹس کے مطابق گھٹنے کی انجری کے باعث اسٹیون فن 2023 کے سیزن میں زیادہ ایکشن میں نہیں دکھائی دیے تاہم پیر کو انہوں نے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا۔اسٹیون فن نے اپنی کاؤنٹی سسیکس کی جانب سے شیئر کیے گئے ایک بیان میں کہا کہ ‘میں گزشتہ 12 مہینوں سے اپنے جسم کے ساتھ جنگ ​​لڑ رہا ہوں تاہم اب میں نے شکست تسلیم کر لی ہے، میں ناقابل یقین حد تک خوش قسمت  ہوں کہ میں نے اتنی کرکٹ کھیلی’۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹ نے مجھے بہت کچھ دیا ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ مستقبل میں اپنی صلاحیتوں سے کرکٹ کو کچھ واپس دے سکوں۔

واضح رہے کہ اسٹیون فن نے  2010 میں بنگلادیش کے خلاف انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا، انہوں نے انگلینڈ کی جانب سے 36 ٹیسٹ ، 69 ون ڈے اور 21 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔

اسٹیون فن نے ٹیسٹ میں 125، ون ڈے میں 102 اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز  میں 27 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 570 فرسٹ کلاس وکٹیں بھی ان کے نام ہیں، اس کے علاوہ وہ 3 بار ایشیز جیتنے والی انگلینڈ ٹیم کا بھی حصہ رہے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ انگلینڈکے فاسٹ بولر اسٹورٹ براڈ بھی کرکٹ سے ریٹائر ہوگئے تھے۔

اشتہار
Back to top button