ترکیہ کے تعاون سے کراچی میں تیار دوسرے ملجم کلاس کورویٹ پی این ایس طارق کا افتتاح
وزیراعظم شہباز شریف اور ترک نائب صدر جودت یلماز نے پاک ترک تعاون سے کراچی میں تیار دوسرے ملجم (MilGem) کلاس کورویٹ پی این ایس طارق کا افتتاح کر دیا۔پاک ترک تعاون سے مقامی سطح پر تیار ہونے والے دوسرے ملجم کلاس کورویٹ پی این ایس طارق کی افتتاحی تقریب کراچی میں ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف کے علاوہ ترک نائب صدر جودت یلماز، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور نیول چیف بھی شریک ہوئے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا جہازوں کی تیاری کے منصوبے پر ترک صدر طیب اردوان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔وزیراعظم شہبازشریف نے ایک بار پھر ترکیے کو سی پیک منصوبے میں شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک منصوبہ کامیابی سے جاری ہے، ترکیے کے صدر کو پہلے بھی سی پیک میں شمولیت کی دعوت دے چکے ہیں، دوبارہ اپنی دعوت کو دہرا رہے ہیں۔
نائب صدر ترکیے جودت یلماز نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون کا یہ آخری منصوبہ نہیں، سویلین شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دیں گے جو دونوں ملکوں کی عوام کی فلاح کے لیے اہم ہے۔پاک ترک تعاون سے تیار ملجم جہاز ایک کثیر المقاصد جنگی بحری جہاز ہے جو سطح آب، زیر آب اور فضائی آپریشن جیسی جدید حربی صلاحیت رکھتا ہے۔