پاکستان اور چین کے درمیان دو طرفہ تعاون کیلئے 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط
وزیراعظم ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کے خطاب سے قبل چین اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
اس موقع پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹر محمد اسحٰق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ خان، وفاقی وزیر ہوا بازی و ریلویز خواجہ سعد رفیق، وفاقی وزیر غذائی تحفظ طارق بشیر چیمہ اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کے علاوہ چینی وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔
اس موقع پر پاکستان اور چین نے دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
’ریڈیو پاکستان‘ کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور چین کے قومی ترقی اور اصلاحات کمیشن کے وائس چیئرمین نے سی پیک کی مشترکہ تعاون کمیٹی کی دستاویز پر دستخط کیے۔
دوسری دستاویز جس پر دستخط کیے گئے وہ سی پیک کے فریم ورک کے اندر ماہرین کے تبادلے کے طریقہ کار کے قیام سے متعلق تھی۔
تیسری دستاویز جس پر سیکریٹری وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی ظفر حسن اور چینی ناظم الامور پینگ چنکسو نے دستخط کیے وہ پاکستان سے چین کو خشک مرچوں کی برآمد کے حوالے سے تھی۔
چوتھی دستاویز پر نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ممبر پلاننگ عاصم امین اور چینی ناظم الامور پینگ چنکسو نے دستخط کیے جو کہ قراقرم ہائی وے فیز 2 پروجیکٹ کی ’فزیبلٹی اسٹڈی‘ سے متعلق تھے۔
دونوں فریقین نے سفارتی ذرائع سے صنعتی کارکنوں کے تبادلے کے پروگرام پر مفاہمت نامے پر بھی دستخط کیے، علاوہ ازیں اسٹریٹجک ایم ایل ون منصوبے کو فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا۔
قبل ازیں چین کے نائب وزیر اعظم اور کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے رکن ہی لی فینگ پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے 10 سال مکمل ہونے پر ہونے والی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچنے کے بعد شہباز شریف سے ملاقات کرنے کے لیے وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں ان کا پرجوش استقبال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس کے مرکزی داخلی دروازے پر چینی وفد کا استقبال کیا۔
چینی نائب وزیراعظم ہی لی فینگ کی آمد پر وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کے اراکین بشمول وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ اسحٰق ڈار، وزیر داخلہ رانا ثنااللہ، سید نوید قمر، احسن اقبال، سعد رفیق، مریم اورنگزیب، حنا ربانی کھر اور طارق فاطمی کا ان سے تعارف کرایا۔
قبل ازیں شہباز شریف نے چینی نائب وزیراعظم اور ان کے وفد کا پرجوش استقبال کیا۔
انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ ’وہ سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے پر ہونے والی تقریب میں شرکت اور اس گیم چینجنگ انیشی ایٹو سے ہونے والی تبدیلیوں کا مشاہدہ کرنے کے لیے پاکستان پہنچے ہیں‘۔