میٹا کی نئی سوشل میڈیا ایپ ’تھریڈز‘ اپنے 50 فیصد سے زیادہ صارفین سے محروم ہو چکی ہے جس نے اپنے آغاز میں کروڑوں صارفین کی توجہ حاصل کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق فیس بک اور انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا نے 6 جولائی کو نیا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’تھریڈز‘ لانچ کیا تھا۔
ایپ متعارف کروانے کے ابتدائی 5 روز کے دوران 10 کروڑ صارفین نے سائن اپ کیا تھا اور امکان ظاہر کیا جارہا تھا کہ اس تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا رہے گا۔
لیکن ایسا نہیں ہوا، میٹا کے بانی مارک زکر برگ کہتے ہیں کہ تھریڈز میں صارفین کی تعداد میں اضافے کے بجائے کمی آرہی ہے۔
مارک زکر برگ نے بتایا کہ ’اگر کسی ایپ میں 10 کروڑ سے زائد لوگ سائن اپ کررہے ہیں تو یہ مثالی صورتحال اس وقت ہوتی ہے جب یہ تمام لوگ یا ان میں سے نصف برقرار رہیں، مگر ہم ابھی تک ایسا نہیں کر سکے۔‘
مارک زکر برگ نے اس صورتحال کو ’نارمل‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ ایپ میں نئی فیچرز شامل کیے جانے کے بعد صارفین کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ہوگا۔
تھریڈز لانچ ہونے کے بعد اس میں محدود فیچرز تھے، دراصل یہ ٹوئٹر کی طرح کی ایک ایپ ہے جس میں صارفین پوسٹس کا رپلائی، ری پوسٹ اور کوٹ (quote) اور لائک، ڈیلیٹ کر سکتے ہیں۔
تاہم کچھ روز بعد ایپ میں نئے فیچرز پیش کیے گئے جن میں ’فار یو فیڈ‘ (”for you“’ feeds) اور فالوونگ’ (following“) شامل تھے۔
میٹا کے چیف پراڈکٹ آفیسر کرس کوس نے اس موقع پر بتایا کہ کمپنی کی جانب سے صارفین کو ایپ پر برقرار رکھنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے تاکہ وہ بار بار تھریڈز پر واپس آسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ جو لوگ انسٹاگرام ایپ پر ہیں وہ اہم تھریڈز دیکھ سکتے ہیں، واضح رہے کہ انسٹاگرام اور تھریڈز ایک دوسرے سے منسلک ہیں، تھریڈز میں سائن کرنے کے لیے آپ کے پاس انسٹاگرام اکاؤنٹ ہونا لازمی ہے، اس کے علاوہ تھریڈز سے اکاؤنٹ ڈیلیٹ کرنے کی صورت میں آپ کا انسٹاگرام اکاؤنٹ بھی ڈیلیٹ ہوجائے گا۔
تھریڈز کو اس وقت لانچ کیا گیا جب ایلون مسک نے اعلان کیا تھا کہ ٹوئٹر پر بلیو ٹک رکھنے والے یومیہ 10 پزار ٹوئٹس کو پڑھنے تک محدود ہوں گے جب کہ بلیو ٹک نہ رکھنے والے صارفین صرف ایک ہزار ٹوئٹس پڑھ سکیں گے۔
اسی طرح ٹوئٹر نے ٹوئٹ ڈیک کی سہولت بھی ختم کردی، جس کے تحت صارفین بیک وقت متعدد اکاؤنٹس کو کنٹرول کرنے کے اہل ہوتے ہیں۔
اس سے قبل بھی ایلون مسک نے ٹوئٹر پر کئی پابندیاں اور تبدیلیاں متعارف کرائی تھیں، انہوں نے ہی پیسوں کے عوض بلیو ٹک دینے کا سلسلہ رواں برس شروع کیا۔
ٹوئٹر کی خراب پالیسیوں اور تبدیلیوں کے باعث پہلے ہی صارفین خفا تھے، جس وجہ سے فیس بک نے پہلے ہی اس کے ٹکر کی ایپلی کیشن لانے کا عندیہ دیا تھا اور اب اس نے جلد ایپلی کیشن کو متعارف کرانے کا اعلان کردیا۔