ورلڈ شوٹنگ چیمپئن شپ کیلئے پاکستان کی 10 رکنی ٹیم کا اعلان
آئندہ ماہ آذربائیجان میں ہونیوالی انٹرنیشنل شوٹنگ اسپورٹس فیڈریشن (آئی ایس ایس ایف) کی ورلڈ شوٹنگ چیمپئن شپ کیلئے پاکستان کی 10 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔
نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ چیمپئن شپ میں پاکستان کی 10 رکنی ٹیم شرکت کرے گی جبکہ پاکستانی ٹیم میں 3 جونیئر پلیئرز رسام گل، امام ہارون اور کشمالہ طلعت کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق دیگر کھلاڑیوں میں جی ایم بشیر، عثمان چند، خرم انعام، انا ابتسام، گلفام جوزف، فرخ ندیم اور ظفر الحق کے نام شامل ہیں۔
انٹری لسٹ کے مطابق جی ایم بشیر 25 میٹر ریپڈ فائر پستول میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ عثمان چند، امام ہارون اور خرم انعام مینز اسکیٹ میں حصہ لیں گے۔
پاکستان کی جانب سے رسام گل، کشمالہ طلعت اور انا ابتسام خواتین کی 25 میٹر پستول کے ایونٹ میں شریک ہوں گی جبکہ انا ابتسام اور کشمالہ طلعت 10 میٹر ائیر پستول ایونٹ میں بھی حصہ لیں گی۔
پاکستانی پلیئر کشمالہ طلعت، گلفام جوزف کے ساتھ 10 میٹر پستول مکسڈ ٹیم ایونٹ میں بھی شریک ہوں گی، گلفام جوزف مردوں کے10 میٹر ائیر پستول ایونٹ جبکہ ظفر الحق اور فرخ ندیم ٹریپ ایونٹ میں شریک ہوں گے۔آئی ایس ایس ایف ورلڈ شوٹنگ چیمپئن شپ 14 اگست سے یکم ستمبر تک آذربائیجان کے شہر باکو میں ہوگی۔