پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈ الیون کے درمیان 2 روزہ پریکٹس میچ ڈرا ہو گیا
پاکستان اور سری لنکن کرکٹ بورڈ الیون کے درمیان ہمبنٹوٹا کے مہندرا راجا پاکسے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا دو روزہ پریکٹس میچ ڈرا ہوگیا۔
جب کھیل ختم ہوا تو میزبان ٹیم نے اپنی دوسری اننگز میں 88 رنز بنائے تھے اور اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے۔ پہلی اننگز میں سنچری بنانے والے اوشادا فرنینڈو 6 رنز بناسکے۔نووانیدو فرنینڈو31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
گرنے والی ان چار میں سے دو وکٹیں سلمان علی آغا نے حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 342رنز اسکور کیے جس کی خاص بات شان مسعود کے 83 بابراعظم کے 79اور سعود شکیل کے61 رنز تھے۔
میچ کے دوسرے دن پاکستانی ٹیم نے 160رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر اپنی پہلی اننگز شروع کی۔بابراعظم نے جو14 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے ایک بار پھر اپنی ورلڈ کلاس کے مطابق بیٹنگ کی اور وہ 113 گیندوں پر 79 رنز بناکر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے۔
ان کی اننگز میں ایک چھکا اور سات چوکے شامل تھے۔
سعود شکیل نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 86گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 61 رنز اسکور کیے۔ وہ بھی ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے۔
بعد میں آنے والے بیٹسمینوں میں سرفراز احمد 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ سلمان علی آغا۔ محمد رضوان اور محمد حریرہ بارہ بارہ رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
میزبان ٹیم کی طرف سے لکشیاتھا مانا سنگھے نے82 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل سری لنکن کرکٹ بورڈ الیون پہلی اننگز میں196 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی جس میں اوشادا فرنینڈو کی سنچری قابل ذکر تھی۔
پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے تین تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔
اب پاکستانی کرکٹ ٹیم اتوار سے گال میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں مدمقابل ہوگی۔
مختصر اسکور۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ الیون 196 رنز ( 46 اعشاریہ 3 اوورز ) اوشادا فرنینڈو113۔حسن علی 22/ 3 وکٹ ۔ شاہین شاہ آفریدی 3/37 وکٹ۔
پاکستان پہلی اننگز۔ 342 رنز( 78 اعشاریہ 3 اوورز ) ۔ شان مسعود 83۔ بابراعظم 79۔ سعود شکیل 61۔ماناسنگھے 82 / 4 وکٹ۔)
سری لنکن کرکٹ بورڈ دوسری اننگز88 رنز4 کھلاڑی آؤٹ ( 30 اوورز) ۔
نووانیدو فرنینڈو 31 رنز ناٹ آؤٹ۔ سلمان علی آغا 18/2 وکٹ