بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

روس سے تیل کے بعد دالیں اور دیگر سامان آنا بھی شروع

ٹرانسپورٹ انٹرنیشنل روٹ (ٹی آئی آر) معاہدے کے تحت روس سے دالوں اور دیگر سامان سے لدے کم از کم دو کارگو کنٹینرز  طورخم بارڈر پر پہنچ گئے جنہیں کلیئرنس کے بعد اگلی منزل پر روانہ کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق حکام نے بتایا کہ اپنی نوعیت کی یہ پہلی کھیپ ٹی آئی آر کے دوطرفہ تجارتی معاہدے کا حصہ ہے جس پر رواں سال مارچ میں وفاقی وزیر برائے مواصلات اسد محمود کے ماسکو دورے کے دوران روس کے ساتھ دستخط کیے گئے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاہدے پر دستخط اور پہلی کھیپ کی آمد کے بعد اب دونوں ممالک باضابطہ طور پر باہمی تجارت کے ذریعے منسلک ہو گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ طورخم پر کسٹم حکام کی جانب سے کلیئرنس دینے کے بعد دونوں گاڑیوں کو پاکستان میں ان کی منزل کی طرف جانے کی اجازت دی گئی۔

خیبر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے نائب صدر ظہیر اللہ نے کہا کہ ملک کو موجودہ مالیاتی دلدل سے نکالنے کے لیے روس کے ساتھ تجارت ضروری ہے۔انہوں نے وفاقی حکومت پر زور دیا کہ وہ درآمدی پالیسیوں میں نرمی کرے اور دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لیے قابل عمل اور عملی ایس آر اوز (قانونی ریگولیٹری آرڈرز) وضع کرے۔

کسٹمز حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان کھیلوں کے سامان کے ساتھ چاول، ادویات، تازہ پھل اور سبزیاں برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے جبکہ وہ روس سے ٹیکسٹائل اور ٹیکسٹائل مشینری بھی درآمد کر سکتا ہے۔

اشتہار
Back to top button