عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کریم بینزیما کا ’الاتحاد‘ کلب کے ساتھ معاہدہ
ریال میڈرڈ کے بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کریم بینزیما نے تین سال کے لیے سعودی عرب کے کلب ’الاتحاد‘ کے ساتھ معاہدہ کر لیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی خبرکے مطابق جدہ میں قائم کلب میں موجود ذرائع نے بتایا کہ انہوں نے آئندہ سیزن سے تین سال کے لیے التحاد کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔
سعودی کلب کے ذرائع نے بتایا کہ کریم بنزیما نے اگلے شروع ہونے والے سیزن سے تین سال کی مدت کے لیے التحاد میں اپنی منتقلی کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ریال میڈرڈ نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ 35 سالہ کھلاڑی 14 سیزن کے بعد کلب چھوڑ رہے ہیں، جب کہ ایک روز قل کوچ کارلو اینسیلوٹی نے کہا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ کریم بنزیما کا مستقبل ہسپانوی دارالحکومت میں ہے۔
اگر اس اقدام کی تصدیق ہو جاتی ہے تو کریم بنزیما ریال میڈرڈ کے اپنے سابق ساتھی کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ خلیجی سلطنت کے کلب کے لیے کھیلنے والوں میں شامل ہو جائیں گے جب کہ 5 مرتبہ عالمی کھلاڑی قرار پانے والے عالمی شہرت یافتہ کرسٹیانو رونالڈو گزشتہ سال ورلڈ کپ کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ سے سعودی کلب النصر منتقل ہو گئے تھے۔
دو سیزن کے بعد پیرس سینٹ جرمین چھوڑنے والے لیونل میسی کے بارے میں بھی یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ وہ بھی سعودی عرب جا رہے ہیں۔
ایک اور سعودی عرب کے کلب ’الہلال‘ کے سینئر حکام ہفتے کے آخر میں پی ایس جی کے لیے اپنا آخری میچ کھیلنے والے ارجنٹائن کے 35 سالہ لیونل میسی کے ساتھ معاہدہ کرنے کی کوشش کرنے کے لیے فرانس روانہ ہوئے، یہ بات معاملے سے باخبر دو ذرائع نے اے ایف پی کو اتوار کے روز بتائی۔.
سعودی وفد جلد از جلد معاہدے پر دستخط کرنے کے مقصد کے تحت لیونل میسی کے والد اور ایجنٹ جارج سے ملاقات کا ارادہ رکھتا ہے۔
کریم بنزیما نے 2009 میں لیگ 1 سائڈ لیون چھوڑ کر ریال میڈرڈ میں شمولیت اختیار کی تھی۔
انہوں نے ریال میڈرڈ کے لیے 648 میچ کھیلے اور 354 گول کے ساتھ ریال میڈرڈ کی جانب سے سب سے زیادہ گول اسکور کرنے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں، ان سے آگے صرف کرسٹیانو رونالڈو ہیں۔
وہ 5 مرتبہ چیمپئنز لیگز، چار بار لا لیگا اور تین مرتبہ کوپاس ڈیل رے ٹائٹل جیتنے والی ریال میڈرڈ ٹیم کا حصہ تھے۔
2021-22 کے شاندار سیزن میں انہوں نے ریال میڈرڈ کو چیمپیئنز لیگ کے اعزاز تک پہنچایا اور انہیں بیلن ڈی آر ایوارڈ سے نوازا گیا، وہ حال ہی میں مکمل ہونے والے سیزن میں ران کی انجری کی وجہ سے جدوجہد کر رہے تھے اور انہیں گزشتہ سال قطر میں فرانس کی ورلڈ کپ مہم سے محروم ہونا پڑا تھا۔
کلب کے قریبی ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ سعودی عرب نے چیمپئنز لیگ یا ورلڈ کپ جیتنے والے 10 سے زائد کھلاڑیوں کی فہرست تیار کی ہے جنہیں وہ اپنی لیگ میں شامل کرنا چاہتا ہے۔
اس فہرست میں ریال میڈرڈ اور کروشیا کے مڈفیلڈر لوکا موڈرک، ٹوٹنہم کے گول کیپر ہیوگو لوریس اور فرانس کے کھلاڑی این گولو کانٹے شامل ہیں، یہ تمام کھلاڑی اپنے کیریئر کے اختتام پر ہیں۔
دنیا کا سب سے بڑا تیل پیدا کرنے والا ملک 2030 یا 2034 میں ورلڈ کپ کی میزبانی کرنے کے عزائم رکھتا ہے اور اپنے ملک کے بہتر اور مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کےلیے کھیلوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے جب کہ اس پر انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے الزام لگایا جاتا رہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی سرگرمیاں ماند پڑ رہی ہیں۔