بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان، بیلاروس کے ساتھ وسیع البنیاد تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، وزیراعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، بیلاروس کے ساتھ اپنے خوشگوار اور وسیع البنیاد تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور بیلاروس کے ساتھ معیشت، زراعت، سائنس و ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافت سمیت تمام شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نے یہ باتیں بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک سے ملاقات کے دوران کہیں۔

جواب میں سرگئی ایلینک نے وزیر اعظم شہباز شریف کے لیے بیلاروس کے صدر لوکاشنکو کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیلاروس، پاکستان کو ایک اہم ملک سمجھتا ہے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے اس کی کوششوں کو سراہتا ہے۔

وزیراعظم نے بیلاروس کے وزیر خارجہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کیا۔

پاکستان اور بیلاروس کی 2024 میں سفارتی تعلقات کے قیام کی 30 ویں سالگرہ کے تناظر میں وزیر اعظم نے مسلسل اعلیٰ سطح کے وفود کے تبادلوں اور مشغولیت کا خیرمقدم کیا، علاوہ ازیں وزیراعظم نے بیلاروس کے صدر کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت کا اعادہ کیا۔

Back to top button