بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

تاریخی اور قومی ورثے کو جلا دینا کہاں کی حب الوطنی ہے؟، وزیراعظم

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ  9 مئی کے شرپسندوں اور دہشتگردوں میں کوئی فرق نہیں لہٰذا انہیں سزا ضرور ملے گی۔وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کا دورہ کیا جہاں ڈی جی ریڈیو پاکستان نے انہیں 9 مئی کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نےکہا کہ ریڈیو پاکستان پشاور کی اسی عمارت سے 14 اگست 1947 کو آزادی کی صدائیں بلند ہوئیں اور مملکت خداداد کی آزادی کا اعلان کیا۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 9 اور 10 مئی کو دلخراش واقعات نے پاکستانی عوام کو رنجیدہ کیا، تاریخی اور قومی ورثے کو جلا دینا کہاں کی حب الوطنی ہے؟ چاغی کی یادگار کو بھی راکھ بنا دیا گیا، قومیں اپنی تاریخی ورثےاور شناخت کی حفاظت کرتی ہیں لیکن یہاں جلا دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ 100 سال کے ریکارڈ اور تاریخی ورثے کو تباہ کردیاگیا، جنہوں نے یہ شرمناک کام کیا ہے ان میں اور دشمنوں میں کوئی فرق نہیں، 9 مئی کے شرپسندوں اور دہشتگردوں میں کوئی فرق نہیں، شر پسندوں کو  قانون اور آئین کے مطابق ضرور سزا ملے گی۔اس موقع پر وزیراعظم نے ریڈیو پاکستان کی عمارت کی مرمت کا کام فوری شروع کرانے کی ہدایت کی اور ملازمین کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی کا بھی اعلان کیا۔

Back to top button