بسم اللہ الرحمن الرحیم

سائنس و ٹیکنالوجی

ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر میں مزید نئے فیچرز کے اضافے کا اعلان

ایلون مسک نے سوشل میڈیا نیٹ ورک ٹوئٹر میں مزید نئے فیچرز کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔ٹوئٹر کے مالک کی جانب سے بتایا گیا کہ آئندہ ہفتے سوشل میڈیا نیٹ ورک کی ویڈیوز کے حوالے سے چند نئے فیچرز متعارف کرائے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ٹوئٹر میڈیا پلیئر میں فارورڈ اور ریوائنڈ بٹنوں کا اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے ذریعے 15 سیکنڈ کی ویڈیو آگے یا پیچھے کی جا سکتی ہے۔

اسی طرح ٹوئٹر میں پکچر ان پکچر موڈ بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔ایلون مسک کی جانب سے ان نئے فیچرز کا اعلان ایک ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے کیا گیا۔اس ٹوئٹ میں ایلون مسک سے کہا گیا تھا کہ وہ ویڈیوز کے لیے فارورڈ اور ریوائنڈ بٹنوں کا اضافہ کریں۔اس کے جواب میں ایلون مسک نے بتایا کہ آئندہ ہفتے پکچر ان پکچر موڈ ٹوئٹر ویڈیوز کے لیے دستیاب ہوگا۔پکچر ان پکچر موڈ سے صارفین کسی بھی ویڈیو کو ٹوئٹر اوپن رکھے بغیر دیکھ سکیں گے اور اسکرین پر کسی اور ایپ کو استعمال کر سکیں گے۔

یہ فیچر یوٹیوب اور ایسی ہی بیشتر ویڈیو شیئرنگ سائٹس میں موجود ہے۔البتہ یہ واضح نہیں کہ ٹوئٹر پر یہ فیچر کس حد تک کارآمد ثابت ہوگا کیونکہ اس سوشل میڈیا نیٹ ورک پر زیادہ طویل ویڈیوز بہت کم پوسٹ کی جاتی ہیں۔

Back to top button