گوادر کی حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود رہا نہ ہوسکے۔گوادر کی سیشن عدالت نے مولانا ہدایت الرحمان کو پیشی کےبعد واپس جوڈیشل لاک اپ بھجوادیا۔
پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا ہدایت الرحمان کا کہنا تھاکہ سپریم کورٹ نے 18 مئی کو ضمانت پر رہائی کا فیصلہ سنایا تھا لیکن پانچ دن گزر گئے، اب تک سپریم کورٹ کا فیصلہ سیشن کورٹ نہیں پہنچ سکا۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں سپریم کورٹ کا فیصلہ سیشن کورٹ میں 5 دن میں نہیں پہنچا۔
ان کا کہنا تھاکہ میں نے اپنے وکیل سے کہا ہے کوئی مچلکہ اور درخواست جمع مت کرو، سیاسی کارکن ہوں، آئین اور قانون کو مانتا ہوں، عدالتوں کے چکر لگا رہا ہوں، قتل کے ایک جھوٹے مقدمے میں ساڑھے 4 ماہ سے جیل میں ہوں، صبر کر رہا ہوں۔