بسم اللہ الرحمن الرحیم

جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام گروپ 20اجلاس کے انعقاد کیخلاف 22مئی کو مکمل ہڑتال کریں ، مسرت عالم بٹ

کل جماعتی حریت کانفرنس کے نظر بند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی طرف سے سرینگر میں گروپ 20اجلاس کے انعقاد کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرانے کے لیے 22 مئی بروز پیر مکمل ہڑتال کریں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں آزاد جموں و کشمیر کے عوام اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں سے بھی مودی حکومت کے غیر قانونی اقدام کے خلاف اس دن احتجاجی مظاہرے کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں گروپ 20 اجلاس منعقد کرکے مقبوضہ جموں وکشمیر کی اصل صورتحال کے بارے میں دنیا کو گمراہ کرنے اور 05 اگست 2019 کے اپنے غیر قانونی اقدامات کو جائز قرار دینے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عالمی فورم کے ارکان پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق اور اقدار کے ساتھ اپنی وابستگی کی پاسداری کرتے ہوئے سرینگر میں اجلاس کا بائیکاٹ کریں۔

بھارت متنازعہ علاقے کشمیر میں گروپ 20 ممالک کے سیاحتی حکام کے اجلاس کی میزبانی کرنے کی تیاری کر رہا ہے حکام نے ایلیٹ کمانڈوز کو تعینات کر دیا ہے اور خطے کے سب سے بڑے شہر سرینگر میں سکیورٹی بڑھا دی ہے۔ اس اجلاس کے ذریعے بھارتی حکام یہ ظاہر کرنا چاہتے ہیں کہ ان کی طرف سے 05 اگست 2019 اور اس کے بعد کیے گئے اقدامات خطے میں امن اور خوشحالی لائے ہیں۔ادھر بھارتی حکام نے گروپ 20 اجلاس سے قبل ہزاروں بھارتی فوجی، پیراملٹری اورپولیس اہلکار تعینات کرکے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھاو نی میں تبدیل کردیا ہے۔ بھارتی فورسز کے اہلکار تمام بڑے شہروں اور قصبوں میں گھر گھر چھاپے اور تلاشی کی کارروائیاں کر رہے ہیں جس سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نیشنل سیکورٹی گارڈ کے کمانڈوز نے سری نگر کے علاقے لال چوک میں تلاشی مہم کے دوران مقامی لوگوں کو دہشت زدہ کیا۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مودی حکومت کی طرف سے گروپ 20 اجلاس کے انعقاد کے خلاف آج آزاد جموں و کشمیر کے شہر کوٹلی میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں یونیورسٹی کے طلبا، پروفیسر اور شہری شریک تھے۔ انہوں نے بھارت کے خلاف اور جموں وکشمیر کی ناجائز بھارتی تسلط سے آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔ مظاہرے کا اہتمام پاسبان حریت جموں و کشمیر نے کیا تھا۔

اشتہار
Back to top button