پاکستان پیپلزپارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں 9 مئی کے واقعات پر مذمتی قرار داد منظور کر لی گئی۔قرار داد میں کہا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی 9 مئی کو ملک کے مختلف شہروں میں پیش آنے والے واقعات کی پر زور اور بھرپور مذمت کرتی ہے، سرگودھا میں یادگار شہداء کو نقصان پہنچانا، جناح ہاؤس کو نذر آتش کرنا ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کو دہائیوں تک سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، پی پی پی نے اپنی لیڈرشپ کی ہدایات کی پیروی کرتے ہوئے کبھی تشدد کا راستہ اختیار نہیں کیا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو لہولہان کر دیا گیا مگر پاکستان پیپلزپارٹی نے اس سب کے باوجود پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔
قرار داد میں مزید کہا گیا کہ کسی بھی سیاسی جبر کے نتیجے میں پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک اور ملکی اداروں کیخلاف کبھی جتھہ بندی نہیں کی، 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داران کو کٹہرےمیں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے۔