ملک میں ڈیجیٹل فنانشل سروسز کے فروغ کے لیے جیز کیش اور سی بی اے کے مابین معاہدہ
ملک میں ڈیجیٹل فنانشل سروسز کے فروغ کے لیے جیز کیش اور سی بی اے کے مابین معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت سی بی اے کے ریٹیل نیٹورک کو استعمال کرتے ہوئے جیز کیش کے صارفین کو کیش نکلوانے اور کیش جمع کروانے کے حوالے سے آسانی فراہم کی جائے گی۔ اس تعاون سے پاکستان میں ڈیجیٹل مالیاتی خدمات کی صنعت پر نمایاں اثر پڑے گا۔
جیز کیش ایک سرکردہ موبائل والیٹ اور برانچ لیس بینکنگ خدمات فراہم کرنے والا ادارہ ہے جس کا پاکستان میں موبائل پیمنٹ کی سرگرمیوں میں نمایاں مارکیٹ شیئر ہے۔ جبکہ سی بی اے ملک کا سب سے بڑا ڈیجیٹل ڈسٹری بیوشن پلیٹ فارم ہے، جو ملک میں مائیکرو انٹرپرینیورشپ کو فروغ دیتا ہے۔
سی بی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر غضنفر علی خان نے مائیکرو انٹرپرینیورشپ کو بلند کرنے اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (SMEs) کی ترقی اور مالی استحکام حاصل کرنے کے لیے کمپنی کے عزم پر زور دیا۔ انہوں نے صنعت میں زیادہ اہم اور اثر انگیز کردار ادا کرنے کے لیے مسلسل بہتری، جدت کے فروغ اور تعاون کے لیے سی بی اے کی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔
سی بی اے چیف کا مزید کہنا تھا کہ یہ شراکت داری پاکستان میں فنانشل انکلوژن کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اس اشتراککے ذریعے، یہ دو سرکردہ کمپنیاں لوگوں کے لیے ڈیجیٹل مالیاتی خدمات تک رسائی اور استعمال کو آسان بنا رہی ہیں، جس سے ان کی زندگیوں پر مثبت اثر پڑے گا۔
جیز کیش کے سربراہ مرتضیٰ علی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نئے مستقبل مین آگے بڑھنے کے حوالے سے اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی اہمیت پر روشنی ڈالی جس کے نتیجے میں پیمنٹ ایکو سسٹم کے قیام میں مدد ملے گی۔ یہ شراکت داری جیز کیش صارفین کے لیے رسائی اور ادائیگیوں میں آسانی فراہم کرے گی، جو ملک میں ڈیجیٹل مالیاتی شمولیت میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ہم انڈسٹری پر اس شراکت داری کے اثرات کو دیکھنے کے لیے پرجوش ہیں اور مزید تعاون کی توقع رکھتے ہیں جو پاکستان بھر کے لوگوں کومالیاتی لحاظ سے زیادہ سے زیادہ بااختیار بنائے گی۔‘‘