بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے بھی گیس کا رعایتی پیکج ختم

 آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے  بجلی کے بعد ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے بھی گیس کا رعایتی پیکج ختم کردیا۔اوگرا ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے 5 ایکسپورٹ سیکٹرز کو گیس پر 80 ارب کی سبسڈی ختم کردی ہے۔ذرائع کے مطابق ٹیکسٹائل، اسپورٹس، سرجیکل، لیدر اور جیوٹ سیکٹر کو 9 ڈالر پر آر ایل این جی کی سپلائی ختم کردی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ یکم مئی سے تمام ایکسپورٹ سیکٹرز پر اوگرا کے منظور کردہ ریٹ نافذ ہونگے، ایکسپورٹس سیکٹرز کو آر ایل این جی پر 4 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو اضافی ادا کرناہوں گے جب کہ ایکسپورٹس سیکٹر کے لیے اب گیس فی یونٹ 13 ڈالر کی ہوگی۔

ذرائع کے مطابق سوئی ناردرن نے یکم مئی سے سبسڈائزڈ گیس کی فراہمی ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، گیس پرسبسڈی ختم ہونے سے متعدد ٹیکسٹائل یونٹس بند ہونے کا خدشہ ہے۔اس حوالے سے سوئی ناردرن کے ترجمان کا کہنا ہےکہ گیس کی قیمت سے متعلق فیصلہ اوگرا کا ہے اور اس پر عملدرآمد کردیا گیا ہے، اس وقت گیس کے 6 ہزار انڈسٹری کنکشن ہیں اور ایکسپورٹ یونٹس کو 50 فیصد سستی گیس کی فراہمی جاری رہےگی۔ترجمان نے کہا کہ سردیوں کے موسم کے تین ماہ زیادہ بل دیناہوگا، نئے نوٹیفکیشن سے آر ایل این جی کنکشن والوں کو فرق پڑے گا۔

اشتہار
Back to top button