قومی
پرویز الہیٰ کے گھر چھاپے کی کارروائی پنجاب نگران حکومت کی جانب سے کی گئی، اسحاق ڈار
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تحریک انصاف کی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ شاہ محمود قریشی سے رابطہ کر کے چودھری پرویز الہٰی کے گھر پر حملے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے گھر پر حملے اور چار دیواری کی پامالی پر افسوس کا اظہار کیا، سابق وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو تحریک انصاف کے مرکزی صدر کے خاندان کے اور پارٹی کے جذبات سے آگاہ کیا۔
حکومت مذاکراتی کمیٹی کے ممبر اسحاق ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چودھری پرویز الہٰی کے گھر پر حملے سے وفاقی حکومت کا کوئی تعلق نہیں، یہ کارروائی نگران پنجاب حکومت کی جانب سے کی گئی ہے، تحریک انصاف کے جذبات سے اپنی قیادت کو آگاہ کر کے جلد اس سلسلے میں دوبارہ رابطہ کریں گے۔