قومی اسمبلی میں وزیر اعظم شہباز شریف کے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے ووٹنگ ہوئی جس میں وزیر اعظم 180 ووٹ لے کر ایوان کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت جاری ہے جس میں وزیر اعظم شہباز شریف کے لیے اعتماد کا ووٹ لینے کے لیے گنتی کی گئی۔
جمعرات کو ایوان زیریں کے اجلاس کے دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم کے لیے اعتماد کا ووٹ لینے کی تحریک پیش کی۔
ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد اسپیکر اسمبلی نے اعلان کیا کہ 180 اراکین نےوزیر اعظم پر اعتماد کے حق میں ووٹ دیا اور قرارداد کو منظور کیا جاتا ہے لہٰذا وزیر اعظم شہباز شریف قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب رہے۔
انہوں نے کہا کہ آج اگر مفتی عبدالشکور زندہ ہوتے تو یہ عدد 181 ہوتا اور میں اپنے سیکریٹریٹ سے کہوں گا کہ جتنے اراکین نے اعتماد کا ووٹ دیاہے ان کے نام قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر ڈال دیے جائیں۔
اس موقع پر شہباز شریف نے اعتماد کا ووٹ دینے پر تمام اراکین اسمبلی اور زعما کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر گزار ہوں کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تحریک اعتماد پر مجھ ناچیز کو ایک مرتبہ پھر عزت سے نوازا اور 180ووٹوں سے مجھے اعتماد کا ووٹ دلوایا جس کے لیے میں سب کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آج پاکستان شدید مشکلات میں ہے اور وہ میری وجہ سے یا اس ایوان کی وجہ سے نہیں بلکہ 2018 میں اس ملک کی معیشت دنیا میں مانی ہوئی تھی جو بہت تیزی سے ترقی کررہی تھی، اس کے بعد ایک الیکشن کے نتیجے میں آج ہر چیز سامنے آ چکی ہے کہ وہ فراڈ الیکشن کس طرح ہوئے، کس طرح جنوبی پنجاب کے کچھ لوگوں کو مجبور کیا گیا کہ آپ فلاں کے ٹکٹ چھوڑیں اور دوپٹہ پکڑ لیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ساری دنیا جانتی ہے کہ کس طرح آر ٹی ایس کو بند کروایا گیا اور پاکستان کی 75سالہ تاریخ گواہ ہے کہ شہروں کے نتائج ہمیشہ دیہاتوں سے جلدی آتے ہیں لیکن یہ تاریخ کا پہلا الیکشن تھا جس میں دیہاتوں کے نتائج چند گھنٹوں میں آنا شروع ہو گئے اور شہروں کے نتائج مہینوں التوا کا شکار ہوگئے اور جب گنتی کرانے کے لیے درخواست ڈالی گئی تو ایک شخص تھا جس کا نام تھا ثاقب نثار، اس نے حکم دے دیا کہ اس کے بعد کوئی گنتی نہیں ہو گی اور کیا کیا دھاندلی کے لیے انتظامات کیے گئے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جب آج ایوان نے مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ تو میں آپ کو وہ دن یاد دلانا چاہتا ہوں جب اسی فلور پر اسی وقت کی حکومت کے نمائندوں نے یہ وعدہ کیا تھا کہ اپوزیشن کے دھاندلی کے الزام کی مکمل تحقیق ہو گی، آج تک اس کی تحقیق نہیں ہوئی، پانچ سال گزرنے کو ہیں، میں مطالبہ کرتا ہوں کہ آپ اس دھاندلی کی بھرپور تحقیقات کرائیں اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونے دیں تاکہ قوم کو پتا لگے کہ کس طرح مینڈیٹ چرایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ جب ہماری آئی ایم ایف سے بات چیت بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی تھی تو عمران نیازی کے اشارے پر دو صوبائی وزرائے خزانہ کو یہ کہا گیا کہ نئی وفاقی حکومت کے لیے مشکلات کھڑی کرنے کے لیے آپ کہہ دیں کہ ہم یہ شرائط نہیں مانتے، یہ وہ سازش ہے جس کا سلسلہ آج تک جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سائفر کو آپ اچھے طریقے سے جانتے ہیں، امریکا کو کس طرح نشانہ بنایا گیا کہ اس نے ساش سے اس حکومت کو بدلا اور یہ ایک امپورٹیڈ حکومت ہے اور کس طرح چین اور روس کے حوالے سے ہمدردی کا اظہار کیا گیا لیکن وہ ہمدردی کا اظہار نہیں تھا بلکہ مگرمچھ کے آنسو تھے۔
وزیر اعظم نے کہاکہ وزیر خزانہ اور دیگر زعما کی کاوشوں سے اس وقت جب میں آپ سے گزارشات کررہا ہوں تو روس میں پاکستان کے لیے سستے تیل کے جہاز میں تیل ڈالا جا رہا ہے اور وہ جلد پاکستان تیل لے کر آئے گا، یہ ہے وہ بدترین سازش جو پاکستان کے خلاف کی گئی۔
انہوں نے کہاکہ ثاقب نثار اور طارق رحیم کی آڈیو لیک ہو کر سوشل میڈیا پر آئی ہے، وہ مین اسٹریم میڈیا پر بھی چل رہی ہے اور وہ سازش کھل کر سامنے آ گئی کہ وہ ثاقب نثار جس نے الیکشن پی ٹی آئی کو جتوانے کے لیے دھاندلی کا بازار گرم کیا، شیخ رشید کے حلقے میں وہ چیف جسٹس نہیں بلکہ ان کے پولیٹیکل ایجنٹ بن کر پہنچ گئے، وہ ثاقب نثار جس نے پاکستان کے اندر ہسپتالوں کا نظام تباہ کردیا، وہ ثاقب نثار جس نے ڈھائی سال دن رات سوموٹو لے کر اس قوم کا حلیہ بگاڑ دیا، وہ ثاقب نثار جس نے پی کے ایل آئی میں اپنے بھائی کو بھرتی کرانے کے لیے اس کا بیڑا غرق کردیا اور جن سینکڑوں مریضوں کی گردوں کی پیوند کاری ہونی تھی، وہ موت کے منہ میں چلے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج وہ ثاقب نثار جن کا کردار پوری قوم کے سامنے آ گیا ہے، ان کی طارق رحیم سے گفتگو کے بعد کیا کوئی شک رہ گیا ہے کہ یہ سازش میرے خلاف، اس حکومت یا اس ایوان کے خلاف نہیں ہے، یہ پاکستان کے خلاف سازش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے پارلیمان نے منتخب کیا ہے اور اگر یہ پارلیمان فیصلہ کرتی ہے اور اپنی بحث کے بعد ایک نتیجے پر پہنچتی ہے اور کابینہ کو پابند کرتی ہے تو میرا فرض ہے پارلیمان کے فیصلے کا احترام کروں، انہوں نے جو فیصلے کیے ہیں، جو قررادادیں انہوں نے پاس کی ہیں، میں اور میری حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ ہو نہیں سکتا کہ پارلیمان قانون بنائے اور قانون کی شکل اختیار کرنے سے پہلے عدلیہ اس پر حکم امتناع دے دے، یہ ممکن نہیں ہے، آئین کو بنانا اور اس میں ترمیم کرنا پارلیمان کا اختیار ہے، عدلیہ کو آئین ری رائٹ کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے، آج قانون اور آئین کی یہ خلاف ورزی ہو رہی ہے، اس پر اگر پارلیمان کھڑے ہو کر یہ کہے کہ ہم اس کی اجازت نہیں دیتے تو پھر اس کے اوپر توہین عدالت کا وار کرنے کی دھمکی دی جائے اور فیصلے میں لکھا جائے کہ آپ نے ہمارا حکم نہیں مانا تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کا وزیر اعظم ایوان کی اکثریت کھو بیٹھا ہے لیکن آج ایوان نے اپنا فیصلہ دے دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ان تین رکنی بینچ کے لیے ہے اور ہم اس تین رکنی بینچ کو نہیں مانتے، ہم چار تین کے فیصلے کو مانتے ہیں، انہوں نے ظلم و زیادتی کی بنا پر ذوالفقار علی بھٹو کو شہید کردیا گیا، نواز شریف کو نااہل کردیا گیا، یوسف رضا گیلانی کو نااہل کردیا گیا اور آج اگر اس پارلیمان نے مجھے جو اعتماد کا ووٹ دیا ہے، اس کی پاداش میں اگر مجھے گھر بھجواتے ہیں تو ہزار بار جانے کو تیار ہوں لیکن میں ان کا مان نہیں توڑوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کہا گیا کہ گفتگو کریں، ہم سیاستدان ہیں، ہم تو بات چیت کرتے ہیں، ہم نے خود فیصلہ کیا، میری پارٹی کے زعما نے میری رہنمائی کی کہ وزیر اعظم ہم سب اکٹھا ہیں، آپ پی ٹی آئی کو دعوت دیں، مجھے جماعت اسلامی کے زعما ملے، ہماری حکومت میں بعض زعما ایسے ہیں جو اس بارے میں بڑا سخت موقف رکھتے ہیں لیکن ان کی بھی ہم نے منت سماجت کی کہ بات چیت کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کل ہم نے فیصلہ کیا کہ سینیٹ میں ہاؤس آف فیڈریشن میں ہم اپنے نمائندے بھیجیں گے، ہم نے اس کے لیے مشاورت کی اور آج امید ہے کہ وہاں ہم بات چیت کا آغاز کردیں گے لیکن بات چیت کا ایجنڈا کیا ہو گا، یہ ہے اصل بات کہ پورے پاکستان میں ایک دن الیکشن ہو گا، شفاف الیکشن ہوں گے۔