کبل دھماکے میں کسی خودکش یاحملہ آورکے شواہد نہیں ملے، ڈی پی او سوات
ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈاپور نے کبل دھماکے کی وجہ شارٹ سرکٹ کو قرار دیدیا۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او شفیع اللہ گنڈاپور نے کہا کہ سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والا دھماکا شارٹ سرکٹ کے باعث ہوا، ایک دھماکے کے 12منٹ بعد دوسرا دھماکا ہوا۔
ڈی پی او نے کہا کہ تین شہریوں کی میتیں ورثاکے حوالے کردی گئی ہیں، ماہرین نے کرائم سین کامعائنہ کیاہے،دھماکے میں کسی خودکش یاحملہ آورکے شواہد نہیں ملے۔دوسری جانب کبل دھماکے کی تحقیقات کے لیے دو رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
پولیس ذرائع کےمطابق دھماکے کی تحقیقات کے لیے قائم کمیٹی میں سیکرٹری داخلہ عابد مجید اور ڈی آئی جی اسپیشل برانچ شامل ہیں۔تحقیقاتی کمیٹی جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد کا جائزہ لے گی اور کمیٹی کو تحقیقات جلد مکمل کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔واضح رہےکہ سوات کے علاقے کبل میں سی ٹی ڈی تھانے میں ہونے والے دھماکے سے سی ٹی ڈی کے 2 افسروں سمیت 15 اہلکار شہید جب کہ 57 زخمی ہوئے۔