بسم اللہ الرحمن الرحیم

تجارت

چکوال میں پاکستان سویٹ ہومز کا سنٹر قائم کرنے کیلئے پچاس کنال زمین دیں گے۔ احسن بختاوری

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سیرینا ہوٹل، اسلام آباد کے تعاون سے برکت سحر کے نام سے ایک تقریب منعقد کی جس میں شہر کے ممتاز تاجروں و صنعتکاروں سمیت مخیر حضرات نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان سویٹ ہومز کے لیے 2کروڑ روپے کے عطیات جمع کئے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے چکوال میں 50 کنال اراضی پاکستان سویٹ ہومزکو دینے کا اعلان کیا تا کہ ادارہ اس علاقے میں بھی تیم بچوں کیلئے اپنا ایک سنٹر قائم کر سکے۔ انہوں نے پاکستان سویٹ ہومز کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنی زندگی یتیم بچوں کی کفالت اور فلاح وبہبود کے لیے وقف کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمرد خان ایک باپ کی طرح یتیم بچوں کی پرورش کر رہے ہیں اور ان کو تعلیم و تربیت فراہم کر رہے ہیں جو ایک عظیم خدمت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تاجر برادری سمیت مخیر حضرات پاکستان سویٹ ہومز کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھیں تاکہ یہ ادارہ یتیم بچوں کی مزید بہتر دیکھ بھال کر سکے اور انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے میں اپنا فعال کردار ادا کر سکے۔ انہوں نے پاکستان سویٹ ہومز کیلئے دل کھول کر عطیات دینے پر چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، نائب صدر انجینئر اظہراسلام ظفر سمیت تاجروں و صنعتکاروں اور مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ چیمبر اس نیک مشن میں آئندہ بھی پاکستان سویٹ ہومز کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان سویٹ ہومز کے سرپرست اعلیٰ زمرد خان نے یتیم بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور تعاون کرنے پر چیمبر کے ممبران اور مخیر حضرات کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے پاکستان سویٹ ہومز کیلئے چکوال میں 50 کنال زمین کا اعلان کرنے پر چیمبر کے صدر احسن ظفر بختاوری کا بھی شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ جلد ہی اس زمین پر اپنے ادارے کا ایک سینٹر تعمیر کرنے کا کام شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور مخیر حضرات کے تعاون سے پاکستان سویٹ ہومز دن بدن ترقی کر رہا ہے جس کے ملک کے کئی علاقوں میں سنٹر قائم ہیں جہاں ہزاروں یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کا بندوبست کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کے تعاون سے سوہاوہ میں جی ٹی روڈ پر یتیموں کے لیے 80 کنال رقبے پر دنیا کی تاریخ کا پہلا کیڈٹ کالج قائم کیا گیا ہے جس میں اس وقت سینکڑوں طلباء زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں کو پاکستان کا قابل فخر شہری بنانا ہے تاکہ وہ نہ صرف پاکستان کی ترقی میں فعال کردار ادا کر سکیں بلکہ ملک کا سر فخر سے بلند کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی نے ہمیشہ پاکستان سویٹ ہومز کے ساتھ تعاون کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ اس روایت کو مستقبل میں بھی برقرار رکھا جائے گا۔
یونائیٹڈ بزنس گروپ کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے اپنے خطاب میں کہا کہ زمرد خان ایک عظیم انسانی خدمت سرانجام دے رہے ہیں کیونکہ انہوں نے یتیموں کی کفالت اور تعلیم کیلئے پاکستان سویٹ ہومز جیساادارہ قائم کر کے معاشرے میں ایک انقلاب برپا کیا ہے جس پر ان کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ زمر د خان کی عظیم خدمات کے اعتراف میں ان کو ہلال امتیاز سے نوازا گیا ہے اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ دن دور نہیں جن زمرد خان کو نوبل پرائز دیا جائے گا جس سے پاکستان کا سر فخر سے بلند ہو گا۔
چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفر، شیخ باسر داؤد، چوہدری جاوید اقبال، اختر حسین، ڈاکٹر عثمان، ہمایوں کبیر، محمد نوید ملک، خالد چوہدری، فہیم خان اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اشتہار
Back to top button