اسحاق ڈار نے لندن میں نجی ٹی وی چینل کیخلاف ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا

وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے نجی ٹی وی چینل کے خلاف لندن میں ہتک عزت کا مقدمہ جیت لیا۔ایک ٹی وی چینل پر پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے اسحاق ڈار کی سال 2022 میں وطن واپسی سے قبل منی لانڈرنگ، مجرمانہ سرگرمیوں، جعلی اکاؤنٹس کھولنے اور شاہد خاقان عباسی کے طیارے میں فرار کے الزامات لگائے ۔

الزامات 25 اور 26 ستمبر 2022 کو برطانیہ میں چینل اور اس کے یو ٹیوب اکاؤنٹ پر نشر ہوئے۔فرخ حبیب نے الزام میں کہا تھاکہ اسحاق ڈار مسلم لیگ ن کی حکومت کے دوران جمع کی گئی رقم اکٹھی کرنے آ رہے ہیں اور نواز  شریف سے مل کر  رقم منی لانڈرنگ کے ذریعے واپس لے آئیں گے۔

فرخ حبیب نے یہ الزام بھی لگایا تھا کہ اسحاق ڈار جعلی اکاؤنٹس کھولنے کے ماہر ہیں۔ٹی وی چینل نے اظہار ندامت کرتے ہوئے عدالتی کارروائی شروع ہونےکے بعد اسحاق ڈار سے تصفیہ کرلیا، فرخ حبیب کے جھوٹے الزامات پر چینل نے اسحاق ڈار سے معافی مانگ لی اور تسلیم کیا کہ اسحاق ڈار ایمان دار ، بہترین ساکھ والے انسان ہیں۔

چینل نے اسحاق ڈار سے معافی مانگتے ہوئے ان الزامات کو کبھی نہ دہرانےکی یقین دہانی بھی کرائی ہے، چینل نے برطانیہ میں اپنی نشریات میں معافی نامہ بھی چلایا۔اسحاق ڈار نے معافی قبول کرتے ہوئےکہا کہ  وہ کبھی بدعنوانی یا غیرقانونی سرگرمی میں ملوث نہیں ہوئے۔اس سے قبل اکتوبر 2021 میں بھی ایک چینل نے اسحاق ڈار  سے الزامات لگانے پر معافی مانگی تھی۔

Exit mobile version