حکومت کی جانب سے پانچ ارب روپے مالیت کے رمضان امدادی پیکج کا اعلان کردیا گیا
حکومت نے ملک بھر میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران معاشرے کے غریب طبقے کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کیلئے پانچ ارب روپے مالیت کے رمضان امدادی پیکج کا اعلان کیا ہے۔
منگل کے روز اسلام آباد میں نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صنعت و پیداوار کے وزیر سید مرتضیٰ محمود نے کہا کہ وفاقی حکومت کی اولین ترجیح لوگوں کو مہنگائی سے محفوظ رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیکج کا اطلاق آج سے ہو گا اور یہ ماہ مقدس کے آخری روز تک جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے عوام کو پہلے ہی پانچ بنیادی غذائی اشیاء سستے نرخوں پر فراہم کر رہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام کو سہولت دینے کیلئے وزیراعظم نے رعایتی اشیاء کی تعداد 19 تک بڑھاتے ہوئے امدادی پیکج کے دائرہ کو توسیع دی ہے۔رعایتی نرخوں پر فراہم کی جانے والی اشیاء میں آٹا، گھی، چینی، کوکنگ آئل، چائے کی پتی، کھجوریں، بیسن، دال ماش، دال مونگ، دودھ، مشروبات اور مصالحہ جات شامل ہیں۔اہداف پر مبنی اعانت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت رجسٹرڈ افراد کو دی جائے گی جبکہ ملک بھر کے افراد عمومی اعانت سے مستفید ہوں گے۔