وزیرخارجہ اسلام میں خواتین کے موضوع پرکانفرنس کی صدارت کریں گے
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آئندہ بدھ کو نیویارک میں اسلام میں خواتین کے موضوع پر کانفرنس کی صدارت کریں گے۔خواتین کی حیثیت سے متعلق اقوام متحدہ کے کمیشن کے 67ویں اجلاس کے موقع پر پاکستان او آئی سی کی وزرائے خارجہ کونسل کے سربراہ کی حیثیت سے اس کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے۔
کانفرنس کا مقصد اسلام میں خواتین کے حقوق کے بارے میں تصور اور حقیقت کے درمیان فرق کو ختم کرنا اور مشہور مسلم خواتین کے تجربات اور کامیابیوں کا جشن منانا ہے۔اس کا مقصد چیلنجوں سے نمٹنے اور اوآئی سی ممالک میں خواتین کے کردار کو آگے بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے کیلئے سالانہ پالیسی ڈائیلاگ کا قیام بھی ہے۔
وزیر خارجہ کانفرنس سے افتتاحی خطاب کریں گے۔وزیر خارجہ کی خواتین، امن اور سلامتی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلی سطحی مباحثے میں بھی شرکت کی توقع ہے، جسے موزمبیق نے اس ماہ کے لئے کونسل کے صدر کی حیثیت سے سپانسر کیا ہے۔
جنرل اسمبلی کی تاریخی قرارداد کے تعاقب میں 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن قرار دیا گیا، جنرل اسمبلی کے صدر اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جمعے کو اس دن کی یاد میں ایک خصوصی اعلی سطحی تقریب کا مشترکہ انعقاد کریں گے۔