پاکستان سپر لیگ، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دیدی

پاکستان سپر لیگ 8 کے 17 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 24 رنز سے شکست دے دی۔پشاور زلمی کے 198 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنا سکی، کراچی کنگز کی جانب سے کپتان عماد وسیم نے 57 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جو رائیگاں گئی۔

کراچی کنگز کے میتھیو ویڈ نے 53 رنز بنائے، ایڈم روزنگٹن 15 ، طیب طاہر 6 اور عرفان خان 4، شعیب ملک 1، بین کٹنگ 15، عامر یامین 8 اور تبریز شمسی زیرو پر آؤٹ ہو گئے، عاکف جاوید نے 7 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔پشاور زلمی کی جانب سے عامر جمال اور عظمت اللہ نے 3،3 جبکہ مجیب الرحمان نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پشاور زلمی نےکراچی کنگز کو جیت کے لیے 198 رنز کا ہدف دیا تھا، پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 197 رنز بنائے تھے، محمد حارث اور کپتان بابر اعظم بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹے، صائم ایوب ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

زلمی کی جانب سے حسیب اللہ خان 29 گیندوں پر 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، روومین پاؤل نے 64 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں انہوں نے 6 چوکے اور 4 چھکے لگائے، ٹام کوہلر نے ناٹ آؤٹ 56 رنز بنائے، کراچی کنگز کے محمد عامر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔

Exit mobile version