پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما غلام سرور خان نے جیل بھرو تحریک میں گرفتاری دینے سے انکار کر دیا۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ میں گرفتاری نہیں دوں گا، چند لیڈرز گرفتاری اور چند ورکر گرفتاری دیں گے۔
دوسری جانب کمیٹی چوک پر راولپنڈی پولیس کی بھاری نفری پی ٹی آئی کے کارکنان اور رہنماؤں کو گرفتار کرنے کیلئے موجود ہے۔پی ٹی آئی رہنما ذلفی بخاری، سابق ایم پی اے اعجاز خان ، فیاض الحسن چوہان اور صداقت عباسی نے گرفتاریاں دے دی ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان کے اعلان کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کا آغاز 22 فروری کو لاہور سے ہوا، جس کے بعد پنجاب میں پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی، اسد عمر، اعظم سواتی، عمر سرفراز چیمہ سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنما و کارکنان گرفتاری دے چکے ہیں۔